ہومتازہ ترینتاجکستان کے سفیر کی کو مسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل سے ملاقات، سائنسی و تکنیکی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال

تاجکستان کے سفیر کی کو مسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل سے ملاقات، سائنسی و تکنیکی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال

اسلام آباد(سب نیوز)جمہوریہ تاجکستان کے سفیر، عزت مآب یوسف شریف زادہ نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی سائنسی و تکنیکی تعاون کی مستقل کمیٹی (کامسٹیک) کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران فریقین نے او آئی سی کے فریم ورک کے تحت جمہوریہ تاجکستان اور کامسٹیک کے درمیان موجودہ تعاون اور مستقبل میں اشتراک کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

دونوں جانب سے سائنس، ٹیکنالوجی، اختراع (انوویشن)، تعلیم، سائنسی تحقیق اور اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل ماہرین کی تربیت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی گفتگو کی گئی۔

سفیر یوسف شریف زادہ نے کامسٹیک کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں تاجکستان کی گہری دلچسپی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کا فروغ تاجکستان کی ریاستی پالیسی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں تعاون کے فروغ سے او آئی سی کے رکن ممالک کی پائیدار ترقی میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری نے جمہوریہ تاجکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے کامسٹیک کے عزم کا اظہار کیا اور ملک کی سائنسی و تعلیمی صلاحیتوں کو سراہا۔

ملاقات میں مشترکہ سائنسی تحقیقی پروگراموں کے آغاز، محققین اور طلبہ کے تبادلوں، پیشہ ورانہ تربیتی کورسز، سیمینارز اور بین الاقوامی کانفرنسوں کے انعقاد کے علاوہ او آئی سی کے رکن ممالک میں سائنسی و تکنیکی استعداد کار کو مضبوط بنانے کے لیے کامسٹیک کے مواقع سے مؤثر استفادے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے تاجکستان اور کامسٹیک کے درمیان دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔