اسلام آباد(آئی پی ایس ) وزیراعلی گلگت بلتستان، جناب امجد حسین نے آج اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے میں پاکستان میں تعینات چین کے سفیر عالی جناب جیانگ زائی ڈونگ سے ملاقات کی۔ چینی سفیر نے وزیراعلی گلگت بلتستان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں وزارتِ اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ، آزمودہ اور مضبوط دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اور چین کے سنکیانگ ایغور خودمختار خطے، بالخصوص کاشغر، کے درمیان تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات، توانائی، سیاحت، تجارت اور سرحدی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ سرحدی انتظام و انصرام اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر دونوں حکومتوں کے درمیان مسلسل رابطہ اور ہم آہنگی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے متعدد معاملات پر حالیہ دنوں میں صدرِ پاکستان جناب آصف علی زرداری اور چین کی اعلی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومتِ گلگت بلتستان کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز اور سفارشات چینی حکام تک غور و خوض کے لیے پہنچائی جائیں گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی گلگت بلتستان امجد حسین نے پرتپاک استقبال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے موقع فراہم کرنے پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مستقبل قریب میں چین کا سرکاری دورہ کرنے اور سنکیانگ کے گورنر سمیت دیگر اعلی چینی قیادت سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ گلگت بلتستان اور سنکیانگ کے درمیان صدیوں پر محیط ثقافتی، معاشی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
وزیراعلی نے چینی حکومت اور نجی سرمایہ کاروں کو گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے استفادہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بالخصوص معدنیات، پن بجلی، قابلِ تجدید توانائی، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں بے شمار امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کی بھرپور استعداد کو اجاگر کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ گلگت بلتستان چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
وزیراعلی امجد حسین نے صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت میں سنکیانگ میں ہونے والی غیر معمولی سماجی و اقتصادی ترقی کو سراہتے ہوئے اسے جامع ترقی اور علاقائی خوشحالی کا ایک مثالی نمونہ قرار دیا۔ انہوں نے چینی سفیر کو یقین دلایا کہ حکومتِ گلگت بلتستان شاہراہِ قراقرم کی مکمل سکیورٹی اور بلا تعطل آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی، کیونکہ یہ شاہراہ دوطرفہ تجارت، سیاحت اور علاقائی روابط کے لیے غیر معمولی تزویراتی اہمیت کی حامل ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعلی نے اسکردو اور کاشغر کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز کی تجویز پیش کی تاکہ سیاحت اور عوامی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ حکومتِ پاکستان کی منظوری سے ہنزہ میں چینی سیاحوں کے لیے آن ارائیول ویزا کی سہولت متعارف کرائی جائے، جس سے دونوں خطوں کے درمیان سیاحت اور اقتصادی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
ملاقات کے اختتام پر چینی سفیر نے وزیراعلی کی تعمیری تجاویز کو سراہتے ہوئے چین کی جانب سے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے وزیراعلی کے مجوزہ دور چین کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں خطوں کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے اور گلگت بلتستان میں چینی سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا۔ وزیراعلی گلگت بلتستان کے وفد میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان جناب ارشد مجید، سیکرٹری خزانہ جناب نجیب عالم اور سیکرٹری برائے وزیراعلی گلگت بلتستان جناب صفدر خان شامل تھے۔
