اسلام آباد(سب نیوز)گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول رادھو جوکھیو، یونین کونسل گڈاپ، کراچی میں ’’دیہی سندھ کے علاقوں میں پرائمری گرلز اسکولز کو ایلیمنٹری اسکولز میں اپ گریڈ کرنے کے منصوبے‘‘ کی افتتاحی اور حوالگی کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں پاکستان میں جاپان کے سفیر عزت مآب اکاماتسو شوئیچی، حکومت سندھ کے وزیر تعلیم و خواندگی سید سردار علی شاہ، محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی حکومت سندھ کے نمائندگان، جائیکا پاکستان آفس کے چیف نمائندے شینوزاکی یوسوکے، اساتذہ، طلبہ، والدین، منصوبے سے وابستہ افراد اور دیگر متعلقہ فریقین نے شرکت کی۔
منصوبے کے تحت حکومت جاپان نے دیہی سندھ میں 20 پرائمری گرلز اسکولز کو ایلیمنٹری اسکولز میں اپ گریڈ کرنے کے لیے ایک ارب 68 کروڑ 60 لاکھ جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کی۔ منصوبے کے تحت 60 کلاس رومز کو بہتر اور توسیع دی گئی، جس سے طالبات کے لیے محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم ہوا۔ اپ گریڈ کیے گئے اسکولز سے ہر سال تقریباً 2,400 طالبات مستفید ہوں گی اور انہیں اپنی مقامی برادریوں میں رہتے ہوئے تعلیم جاری رکھنے کا موقع ملے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے پاکستان کے شعبہ تعلیم، بالخصوص پسماندہ علاقوں میں لڑکیوں کے لیے تعلیمی مواقع کے فروغ کے حوالے سے جاپان کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
جاپانی سفیر نے امید ظاہر کی کہ بہتر تعلیمی سہولیات مزید لڑکیوں کو اپنی تعلیم جاری رکھنے اور اپنی برادریوں کی مثبت ترقی میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دیں گی۔
جائیکا پاکستان آفس کے چیف نمائندے شینوزاکی یوسوکے نے منصوبے کی کامیاب تکمیل میں حکومت سندھ، منصوبے سے وابستہ افراد، مقامی برادری اور تمام متعلقہ فریقین کے درمیان مضبوط تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اپ گریڈ کیے گئے اسکولز طالبات کو بہتر سہولیات اور تعلیم و نشوونما کے لیے زیادہ سازگار ماحول فراہم کریں گے۔
جاپان اور جائیکا نے پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور تعلیم کے ذریعے جامع اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔
