ہومپاکستانامریکی سفارتخانہ کی جانب سے لوک ورثہ اور پاکستان مانیومنٹ میوزیم میں لبرٹی بیل کی نمائش  کا افتتاح

امریکی سفارتخانہ کی جانب سے لوک ورثہ اور پاکستان مانیومنٹ میوزیم میں لبرٹی بیل کی نمائش  کا افتتاح

اسلام آباد(سب نیوز) امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی جانب سے آج  لوک ورثہ میوزیم میں لیٹ فریڈم رنگ کے  عنوان سے لبرٹی بیل کی نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ امریکی سفارتخانہ کے ناظم الاُمور اینڈی ہیلس اور وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے اس حوالے سے اسلام آباد میں منعقد ہ تقریب میں  شرکت کی۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ کے ڈھائی سو سالہ جشن آزادی کے موقع پر منعقد  ہونے یہ  تقریب امریکی سفارتی مشن اور پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے مقامی فنکاروں کے درمیان ایک منفرد ثقافتی اشتراک کی تکمیل کی عکاسی کر رہی تھی۔


اس نمائش کا کلیدی پہلو یہ تھا کہ امریکی سفارتخانہ نے اپنے لنکن کارنرز نیٹ ورک کے توسط سے سولہ پاکستانی مصوروں کے ساتھ مل کر لبرٹی بیل کے رنگ برنگے  علامتی نمونے  تخلیق کیے۔ ہر مصور کو دعوت دی گئی تھی کہ  وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں  کو بروئے کار لاتے ہوئے  اس سوال کی تشریح کریں کہ اُن کے لیے آزادی کا مطلب کیا ہے؟ جب انہوں نے اپنے فن کے ذریعے اس  سوال کا تخلیقی جواب دیا تو اس کا نتیجہ بہت ہی منفرد اور رنگا رنگ سولہ گھنٹیوں کی صورت میں سامنے آیا، جن میں سے ہر ایک گھنٹی امریکہ کے قیام کی کہانی پاکستانی انداز میں بیان کرتی ہے۔
لبرٹی بیل کی یہ نمائش تئیس جولائی سے ستائیس جولائی تک اسلام آباد کے دو نمایاں ثقافتی اداروں یعنی لوک ورثہ اور پاکستان مانیومنٹ میوزیم میں جاری رہے گی۔ عوام کو دعوت دی گئی  ہے کہ وہ ان پانچ دنوں کے دوران دونوں مقامات پر جا کر ان منفرد فن پاروں کا مشاہدہ کریں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم الامور اینڈی ہیلس نے اس منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ  لبرٹی بیل کے یہ علامتی  نمونے اس امر کی یاد دہانی کرواتےہیں کہ امریکہ اور پاکستان میں اظہار کی طاقت، فن کی اہمیت اور ایک بہتر دنیا کےتصور  کی آزادی  جیسی  مشترکہ اقدار وجود رکھتی ہیں۔ لوک ورثہ نے کئی دہائیوں سے پاکستان میں اس جذبے کو  زندہ رکھنے کیلئے جد وجہد کی ہے۔  آج ہمیں فخر ہے کہ ہم  امریکہ کی آزادی کی داستان کو بھی اس خاص مقام کا حصہ بنا رہے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیراورنگزیب خان کچھی نے لبرٹی بیل کی نمائش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ  سرگرمی پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن اور ثقافتی تبادلے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
لیٹ فریڈم رنگ مہم پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کی جانب سے فریڈم ٹو ففٹی کے حوالے سے سال بھر جاری رہنے والی  تقریبات کا حصہ ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر جاری  اس مہم  کا مقصد امریکہ کے اعلان آزادی کے ڈھائی سو سال مکمل ہونے کا جشن منانا ہے۔ اس سلسلے میں منعقد ہونے والے پروگرام آزادی، جدت اور امریکہ کی بہترین کارکردگی جیسی دیرپا اقدار کواُجاگر  کرتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔