ہومتازہ ترینبدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں، چیئرمین نیب کی افسران کو تلقین

بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں، چیئرمین نیب کی افسران کو تلقین

اسلام آباد: سندھ پراونشل سول سروس کے تیسرے سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکا نے آج نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے افسران کا پرتپاک استقبال کیا۔

چیئرمین نیب نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدمتِ عامہ اور قومی ترقی کے لیے دیانت داری بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اپنائیں اور ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی استعداد، مضبوط کردار اور پیشہ ورانہ مہارت کے فروغ کے بغیر مؤثر خدمتِ عامہ ممکن نہیں، جبکہ شفافیت، احتساب اور قانون کی بالادستی ہی عوامی اعتماد کی بنیاد ہیں۔

دورے کے دوران ڈی جی آپریشنز نیب نے ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں میں 14.485 ٹریلین روپے (51.73 ارب امریکی ڈالر) کی غیر معمولی ریکوریاں کی گئی ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نیب کی موجودہ ترجیحات میں سرکاری اثاثوں اور اراضی کی بازیابی، فراڈ اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کی مؤثر تحقیقات اور قانونی کارروائیاں شامل ہیں۔

شرکا نے نیب کے احتسابی نظام، کارکردگی اور انسدادِ بدعنوانی کے اقدامات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ چیئرمین نیب نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل کے سرکاری افسران شفاف طرزِ حکمرانی اور قومی مفاد کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔