مری(سب نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے کہا ہے کہ مری میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 24 ہزار سے زائد سیاحتی گاڑیوں کی غیر معمولی آمد کے باوجود انتظامیہ کی پیشگی حکمت عملی اور مسلسل فیلڈ سپروائزن کی بدولت ٹریفک کی مجموعی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال پر بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں (18جولائی کی شام 6 بجے سے 19 جولائی کی شام 6 بجے تک)کے دوران مری ڈسٹرکٹ کی حدود میں 24002 گاڑیاں داخل ہوئیں جبکہ 17655 گاڑیاں واپس روانہ ہوئیں، جس کے بعد اس وقت ڈسٹرکٹ میں 6347 گاڑیاں موجود ہیں۔ دوسری جانب، مری شہر کے اندرونی راستوں سے 20839 گاڑیاں داخل ہوئیں اور 16244 گاڑیاں باہر نکلیں، جس کے باعث شہر کے اندر اس وقت گاڑیوں کی کل تعداد 4595 ہے۔ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے ٹریفک کی سست روی کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مری میں وقفے وقفے سے جاری بارش، پھسلن اور شدید دھند کی وجہ سے گاڑیوں کی رفتار کم ہے۔
اس کے علاوہ جھیکا گلی میں جاری ترقیاتی کام، جی ٹی روڈ کی تعمیر کے باعث مری ایکسپریس وے پر ٹریفک کا بڑھتا ہوا دباو، اور لوئر ٹوپا کے مقام پر تین لین سڑک کا اچانک ایک لین میں تبدیل ہونا ٹریفک میں عارضی تاخیر کی اہم وجوہات ہیں۔ مزید برآں، دن کے اوقات میں وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران منظور شدہ ایس او پیز کے تحت متبادل روٹس پر ٹریفک مینیج کی گئی۔ڈاکٹر محمد رضا تنویر کا کہنا تھا کہ تمام اہم چوکوں اور رش والے مقامات پر اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ مری پولیس سیف سٹی کیمروں اور فیلڈ مانیٹرنگ کے ذریعے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خراب موسم اور سڑکوں کی تعمیر کے باوجود مری کی کسی بھی بڑی شاہراہ پر ٹریفک جام یا طویل بلاکیج نہیں ہے، بلکہ ٹریفک سست مگر مسلسل رواں دواں ہے اور سیاحوں کی سہولت کے لیے میگافون کے ذریعے مسلسل رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
