اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کے خاندان کا ہدف پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے اور نورین نیازی کا حالیہ بیان انتہائی افسوسناک اور سوچی سمجھی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ نورین نیازی کے بیان سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ عناصر پاکستان کے خلاف پراکسیز کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کے بچوں کی پرورش، فنڈنگ اور بیانیہ سب پاکستان مخالف ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے نہ صرف ریاستی اداروں بلکہ پاکستان کی معیشت کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ پی ٹی آئی نے ملک کو ڈیفالٹ کرانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا، آئی ایم ایف کو خطوط لکھے اور عالمی مالیاتی ادارے کے باہر مظاہرے بھی کیے تاکہ پاکستان کے خلاف منفی تاثر پیدا کیا جا سکے۔طلال چودھری نے کہا کہ ان عناصر کا ہدف صرف ادارے نہیں بلکہ خود پاکستان ہے اور بانی پی ٹی آئی اور ان کی فیملی مسلسل ملک کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کے مبینہ گٹھ جوڑ کے باوجود پاکستان کی کامیابی نے پوری مسلم دنیا کا سر فخر سے بلند کیا، لیکن کچھ عناصر اس قومی کامیابی کو بھی متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ نورین نیازی کے متنازع بیان پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور قانون کے مطابق تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے استحکام، قومی سلامتی اور معیشت کو سبوتاژ کرنے والے ہر اقدام کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی اور ریاست مخالف سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔طلال چودھری نے مزید کہا کہ حکومت قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قانونی اور آئینی قدم اٹھائے گی اور ایسے بیانات یا اقدامات، جو پاکستان کے خلاف سمجھے جائیں، ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
