ہومپاکستانپاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور

پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور

اسلام آباد،(سب نیوز ) پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اقتصادی راؤنڈ ٹیبل کانفرنس اور نیٹ ورکنگ استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا۔

نیدرلینڈز کے سفارتخانے کی جانب سے سفیر کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں ڈچ کاروباری رہنماؤں، پاکستانی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام، حکومتی نمائندوں اور سفارتی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد اقتصادی روابط، سرمایہ کاری اور طویل المدتی تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے مکالمے کو آگے بڑھانا تھا۔

تقریب میں پاکستان میں ڈچ کاروباری برادری کی وسیع موجودگی کو اجاگر کیا گیا۔ مختلف شعبوں، بالخصوص زراعت، خوراک و مشروبات اور صنعتی اسٹوریج کے شعبوں میں 50 سے زائد ڈچ کمپنیاں پاکستان میں سرگرم عمل ہیں۔ نیدرلینڈز یورپی یونین میں پاکستان کے دوسرے بڑے تجارتی شراکت دار کی حیثیت رکھتا ہے اور روزگار کے مواقع اور غذائی تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

تقریب میں بتایا گیا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 1.9 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جسے یورپی یونین کے GSP+ نظام سے بھی تقویت حاصل ہے۔ نیدرلینڈز میں واقع یورپ کی سب سے بڑی بندرگاہ روٹرڈیم پاکستانی برآمدات کے لیے یورپی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے ایک اہم ٹرانزٹ مرکز بھی ہے۔

نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے کہا کہ پاکستان میں ڈچ کاروباری موجودگی روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے روزمرہ معمولات میں استعمال ہونے والی چائے، دودھ اور دیگر مصنوعات کے پیچھے ڈچ برانڈز، مہارت اور کاروباری شراکت داریاں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈچ کمپنیوں کی سرگرمیاں کاروبار تک محدود نہیں بلکہ مقامی کمیونٹیز کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ FrieslandCampina کے چھوٹے کسانوں سے دودھ جمع کرنے کے پروگرام کے ذریعے دیہی خواتین کو بااختیار بنانے اور محفوظ و غذائیت سے بھرپور دودھ کی فراہمی میں تعاون کا ذکر کیا گیا۔

اسی طرح AkzoNobel کے برانڈ Dulux Paints نے لاہور کے علاقے دھیر پنڈی کی تزئین و آرائش سمیت مختلف کمیونٹی ڈویلپمنٹ اقدامات میں کردار ادا کیا ہے۔

تقریب میں EngroVopak اور Barkat Frisian Agro جیسے کامیاب مشترکہ منصوبوں کو بھی پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کاروباری شراکت داری کی نمایاں مثالیں قرار دیا گیا، جو ڈچ مہارت اور پاکستانی کاروباری صلاحیتوں کے امتزاج سے طویل المدتی معاشی قدر پیدا کر رہے ہیں۔

نیٹ ورکنگ استقبالیے میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سمیت سفارتی، کاروباری اور پالیسی حلقوں کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

مقررین نے پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، کاروباری شراکت داری اور پائیدار اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔