کراچی (آئی پی ایس )پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی سربراہ اور رکن اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ سندھ کو کسی صورت تقسیم ہونے نہیں دیں گے اور چاہیے جان تک چلی جائے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں دیں گے۔سندھ اسمبلی میں انتظامی یونٹس اور سندھ کی تقسیم کے خلاف تحریک التوا پر اظہار خیال کرتے ہوئے فریال تالپور نے جذباتی تقریر کی اور کہا کہ سندھ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، استعفی دینا پڑے، رکنیت جائے یا جان دینی پڑے تو دیں گے مگر سندھ کی تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے
فریال تالپور نے کہا کہ سندھ ہماری، عوام، سندھیوں اور یہاں بسنے والوں کی دھرتی ہے، سب کا فیصلہ ہے کہ کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور نہ ہی کوئی بات ہوگی، پاکستان کھپے کے بعد ہمارا نعرہ سندھ کھپے ہے۔فریال تالپور نے کہا کہ ہم بیرون ملک نہیں بھاگیں گے، ہمارے بڑوں کی قبریں یہاں ہیں اور ہمیں بھی مر کر یہیں دفن ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قیامت کے دن بی بی نے گریبان سے پکڑ کر سوال کیا کہ میں اور میرے والد سندھ کیلیے جانیں دے کر آگئے اور تم نے سندھ کو بیچ دیا۔
انہوں نے کہا کہ تالپوروں نے جنگیں اور لڑائیاں کیں، میرپور کے میر شیر محمد ٹالپور تھے جنہیں سندھ کا شیر کہا گیا اور وہ میرے شوہر کے دادا تھے جو سندھ کیلیے لڑتے رہے اور گردن نہیں جھکائی ہم بھی اپنی آنے والی نسلوں کیلیے سندھ کی وحدانیت کا دفاع کریں گے۔
فریال تالپور نے کہا کہ سندھ میں بہت اچھا اور مضبوط بلدیاتی نظام ہے مگر اس پر مزید بات ہوسکتی ہے جبکہ پنجاب میں تو بلدیاتی نظام ہی نہیں ہے، میں خود مشرف دور میں ناظم بنی جبکہ بلدیاتی نظام کے تحت ہی بے نظیرآباد اور لاڑکانہ میں کام ہوا آج بھی نظر آئے گا۔
