اسلام آباد: عوامی جمہوریہ الجزائر کے سفارت خانے نے پاکستان میں اعلان کیا ہے کہ الجزائر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، الجزائرین کمپنی فار ایگزیبیشنز اینڈ ایکسپورٹ اور نیشنل ویسٹ ایجنسی کے اشتراک سے بین الاقوامی ویسٹ ریکوری اینڈ فیئر کا دسواں ایڈیشن 6 سے 8 اکتوبر 2026 تک الجزائر کے شہر الجیئرز میں واقع پائن میری ٹائم ایگزیبیشن پیلس میں منعقد کیا جائے گا۔
سفارت خانے کے مطابق یہ نمائش فضلہ کے انتظام، ویسٹ ریکوری، ری سائیکلنگ، سرکلر اکانومی اور جدید ماحولیاتی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں کام کرنے والے قومی و بین الاقوامی ماہرین، اداروں اور کاروباری شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا اہم اقتصادی ایونٹ ہے۔ اس نمائش کا مقصد تجربات کا تبادلہ، جدید ٹیکنالوجیز کا تعارف اور اقتصادی اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور تجارتی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
سفارت خانے نے بتایا کہ اس نمائش میں شرکت کے خواہشمند ادارے اور تنظیمیں رجسٹریشن فارم مکمل کر کے مزید معلومات REVADE کی ویب سائٹ https://revade.dz سے حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ منتظمین سے فون نمبر 00213-660-84-99-43 اور 00213-660-84-99-45 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان میں الجزائر کے سفارت خانے نے تمام متعلقہ سرکاری و نجی اداروں، اقتصادی تنظیموں اور کاروباری حلقوں کو اس بین الاقوامی نمائش میں بھرپور شرکت کی دعوت دی ہے۔
دعوت نامہ جن اداروں کو ارسال کیا گیا ہے ان میں وزارتِ تجارت (ٹریڈ ڈویژن)، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)، وزارتِ مواصلات، وزارتِ پورٹس اینڈ شپنگ، سول ایوی ایشن اتھارٹی آف پاکستان، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI)، کراچی ایسوسی ایشن آف انڈسٹری (سائٹ) اور پاکستان بھر کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری شامل ہیں۔
