اسلام آباد:(سب نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پہلی مرتبہ مالی طور پر ایک مستحکم ادارہ بن چکا ہے اور اس کی انتظامی و مالی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت فیفا ورلڈ کپ کی نشریات پورے پاکستان میں صرف پی ٹی وی سپورٹس پر دکھائی جا رہی ہیں اور ملک کا کوئی دوسرا ٹیلی ویژن چینل اس ایونٹ کو نشر نہیں کر رہا۔
عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ پی ٹی وی میں اس وقت تقریباً 216 ملازمین کنٹریکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ادارے کی ضروریات کے مطابق ہی کنٹریکٹ پر بھرتیاں کی جاتی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی کی نشریات کو مزید معیاری اور ناظرین کے لیے پرکشش بنانے کے لیے نجی ٹی وی چینلز سے وابستہ معروف اینکرز کو بھی پی ٹی وی کی اسکرین پر لایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کا بورڈ مکمل طور پر بااختیار ہے اور ادارے سے متعلق تمام اہم فیصلے بورڈ کی منظوری سے کیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ میں نجی شعبے سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور گورننس کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی وی میں ملازمین کو بروقت تنخواہیں ادا کی جا رہی ہیں اور گزشتہ پورے سال کے دوران کسی بھی ملازم کی تنخواہ کی ادائیگی میں تاخیر نہیں ہوئی، جو ادارے کے مالی استحکام کا واضح ثبوت ہے۔
