ہومبریکنگ نیوزڈیجیٹل میڈیا خودکفیل فورم بن چکا، مالی معاونت کی ضرورت نہیں: عطاء اللہ تارڑ

ڈیجیٹل میڈیا خودکفیل فورم بن چکا، مالی معاونت کی ضرورت نہیں: عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد:(سب نیوز) سینیٹر سرمد علی کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری اشتہارات، ڈیجیٹل میڈیا پالیسی، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی معاونت اور میڈیا ملازمین کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا سے متعلق 2021ء کی پالیسی میں 2022ء کے دوران ترمیم کی گئی، جبکہ ڈیجیٹل میڈیا آج ملک میں ایک خودکفیل فورم کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویوز اور دیگر پیمانوں کی شفاف توثیق کے لیے تھرڈ پارٹی ویریفکیشن کا نظام متعارف کرایا گیا، جس کے بعد مختلف صوبوں نے بھی وفاقی پالیسی کو اپنایا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کو مالی معاونت کی ضرورت نہیں ہوتی اور حکومت اپنی ضرورت کے مطابق ہی اشتہارات جاری کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح میڈیا ملازمین کی فلاح و بہبود ہے اور کوشش ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے باوجود کوئی ملازم بے روزگار نہ ہو۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد کے بیٹ رپورٹرز اور صحافیوں کے مسائل ان کی ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سنو نیوز کی جانب سے ملازمین کو فارغ کیے جانے پر حکومت نے اس ادارے کے اشتہارات روک دیے تھے، تاہم بعد ازاں مذاکرات کے نتیجے میں متعدد ملازمین کو دوبارہ بحال کر دیا گیا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (PBA) کے ساتھ حکومت کا ایک ایس او پی موجود ہے، جس کے تحت حکومت کی جانب سے واجبات کی ادائیگی کے بعد میڈیا ہاؤسز اپنے ملازمین کے واجبات بھی ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 12 سال کے بچے سے لے کر 70 سال تک کے بزرگ سوشل میڈیا استعمال کر رہے ہیں، تاہم سوشل میڈیا کا بنیادی مواد اب بھی اخبارات اور ٹیلی ویژن سے آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تیزی سے ترقی کرنے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو مزید تقویت دی گئی تو اس کا اثر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر پڑے گا، اس لیے حکومت دونوں روایتی شعبوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر سب سے پہلا حق اخبارات کے ڈیجیٹل شعبے کا ہونا چاہیے، جبکہ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2024ء کے تحت اخبارات کی ڈیجیٹل شمولیت کو مزید بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی قیمت پر ڈیجیٹل میڈیا کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔