ہومتازہ تریندوحہ میں پاکستانی آموں کا میلہ سج گیا، تیسری ہمبا مینگو نمائش شروع

دوحہ میں پاکستانی آموں کا میلہ سج گیا، تیسری ہمبا مینگو نمائش شروع

دوحہ: قطر کے دارالحکومت دوحہ کے معروف ثقافتی مقام سوق واقف میں تیسری “ہمبا پاکستانی مینگو ایگزیبیشن اینڈ اِٹس پروڈکٹس” کا افتتاح کر دیا گیا، جہاں پاکستان کے اعلیٰ معیار کے آم، آم سے تیار کردہ مصنوعات اور پاکستانی ثقافت کو بھرپور انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

افتتاحی تقریب میں پرائیویٹ انجینئرنگ آفس کے نمائندے عبدالرحمن محمد النعیمہ، قطر میں پاکستان کے سفیر محمد عامر، نمائش کے جنرل سپروائزر خالد السویعدی سمیت اعلیٰ حکام، سفارت کاروں اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

یہ نمائش پرائیویٹ انجینئرنگ آفس اور قطر میں پاکستانی سفارت خانے کے اشتراک سے منعقد کی گئی ہے، جس میں 60 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں۔ نمائش 18 جولائی 2026ء تک جاری رہے گی اور روزانہ شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک عوام کے لیے کھلی رہے گی۔نمائش میں پاکستان کے معروف آموں کی اقسام، جن میں سندھڑی، چونسہ، وائٹ چونسہ، انور رٹول اور دسہری شامل ہیں، کے علاوہ آم سے تیار کردہ جوس، آئس کریم، اچار، میٹھائیاں، مختلف پکوان اور دیگر مصنوعات بھی پیش کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے موسمی پھل، خوبانی، آڑو، جامن اور چیکو بھی نمائش کا حصہ ہیں۔

منتظمین کے مطابق اس سال کی نمائش اب تک کی سب سے بڑی نمائش ہے، جس میں 30 سے زائد پاکستانی اور 30 سے زیادہ قطری کمپنیوں نے شرکت کی ہے۔ نمائش کا مقصد نہ صرف پاکستانی آموں کی عالمی سطح پر تشہیر کرنا ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔نمائش کے جنرل سپروائزر خالد السویعدی نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا آم پیدا کرنے والا ملک ہے، جہاں سالانہ 18 لاکھ ٹن سے زائد آم پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں آنے والے افراد کو پاکستانی آموں کی بہترین اقسام اور آم سے تیار کردہ منفرد مصنوعات سے متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ خوراک کے تحفظ کے لیے موقع پر لیبارٹری ٹیسٹنگ سمیت خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔قطر میں پاکستان کے سفیر محمد عامر نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کے زرعی ورثے، ثقافتی تنوع اور اعلیٰ معیار کے آموں کی بہترین نمائندگی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نمائش کا تیسرا ایڈیشن گزشتہ برسوں کی طرح کامیاب رہے گا اور قطر کے عوام کو پاکستان کے بہترین آموں اور دیگر مصنوعات سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی ثقافتی تقریبات دونوں برادر ممالک کے درمیان عوامی روابط، باہمی اعتماد اور دیرینہ دوستی کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔