ہومپاکستانپاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی ہر کوشش کا مضبوط عزم کیساتھ مقابلہ کیا جائیگا، کور کمانڈرز کانفرنس

پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی ہر کوشش کا مضبوط عزم کیساتھ مقابلہ کیا جائیگا، کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی (سب نیوز)پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کو ہائبرڈ ذرائع سے غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کا پوری حکمت عملی اور مضبوط عزم کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا، اور پاکستان کے حصے کے پانی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائیگا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں دہشتگردی، علاقائی سلامتی اور قومی دفاع سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔فورم نے شہدا کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور واضح کیا کہ شہدا کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد رہیں گی۔کور کمانڈرز کانفرنس نے افغان طالبان رجیم کے زیر تسلط علاقوں سے پاکستان پر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کے حملوں کی منصوبہ بندی اور مسلسل استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام افغان طالبان کے زیر تسلط زمین پر بھارتی پراکسیوں کی روک تھام سے مشروط ہے، یہ ذمہ داری افغان طالبان رجیم کی خودساختہ لیڈر شپ کی ہے کہ ان کے زیر ِ تسلط زمین پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہوں۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے،پاکستان کی مسلح افواج آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان کے زیر قبضہ علاقوں سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں گی، یہ لازم ہے کہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں بہترین گورننس کا نظام مہیا کیا جائے، ایسا مضبوط انتظامی ڈھانچہ جو نہ صرف عوامی خدمت اور فلاح و بہبود پر مرکوز ہو بلکہ مذموم سیاسی پشت پناہی میں پنپنے والے دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو توڑے ، معرکہ حق میں عبرتناک شکست کے بعد دشمن چاہتا ہے کہ کسی طرح ہائبرڈ وارفیئر اور جھوٹے بیانیوں کی مدد سے بدامنی پھیلائی جائے ۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرونی مدد سے انتشار پھیلانے والی ہر ایسی کوشش کو بغیر کسی پس و پیش کے سختی سے کچلا جائے گا ، علاقائی استحکام کو فروغ دینے اور کشیدگی میں کمی پر پاکستان کے تعمیری کردار کو خراجِ تحسین ۔
سندھ طاس معاہدہ سے متعلق بھارت کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے شرکا کانفرنس نے واضح کیاکہ قومی سلامتی کمیٹی کی 24 اپریل 2025 کی ہدایت اس بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے، افواج پاکستان حکومتی ہدایات اور پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق پاکستان کے جائز پانی کے حصے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے سے قطعا گریز نہیں کریں گی ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، خطے کے امن کا انحصار کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت فراہم کرنے پر ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام کمانڈرز جنگ کے بدلتے ہوئے کردار کے مطابق ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیزی سے عمل کریں، پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔