ہومپاکستانآزاد کشمیر انتخابات، مسلم لیگ (ن)کا مشاورتی اجلاس ، انتخابی مہم تیز کرنے کا فیصلہ

آزاد کشمیر انتخابات، مسلم لیگ (ن)کا مشاورتی اجلاس ، انتخابی مہم تیز کرنے کا فیصلہ

جہلم (سب نیوز)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دو انتخابی حلقوں میں انتخابی مہم کو مزید موثر بنانے کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن)نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔پارٹی صدر نواز شریف کی ہدایت پر منعقدہ اہم اجلاس میں انتخابی حکمت عملی، پولنگ ڈے پلان اور ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں تنظیمی ذمہ داریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سینیئر پارلیمنٹیرین طاہرہ اورنگزیب، مسلم لیگ (ن)ضلع راولپنڈی کے صدر و رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم خان، جہلم سے پارٹی کے مرکزی رہنما، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نامزد امیدوار راجہ محمد صدیق اور شوکت علی شاہ سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔اجلاس میں سابق ارکان پنجاب اسمبلی مہر فیاض، چوہدری سعید، طلب مہدی، چوہدری بوٹا جاوید، حافظ اعجاز، چوہدری راشد اور دیگر پارٹی قائدین بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران ضلع جہلم میں انتخابی مہم کے حوالے سے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ آئندہ مرحلے کی انتخابی حکمت عملی بھی مرتب کی گئی۔شرکا نے ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں الیکشن مہم کے لیے سونپی گئی ذمہ داریوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور پولنگ کے روز کے انتظامات اور حکمت عملی پر بھی تفصیلی مشاورت کی۔

اجلاس نے پارٹی کارکنوں اور رہنماوں کے جذبے اور انتخابی مہم میں ان کی سرگرم شرکت کو سراہتے ہوئے گزشتہ اجلاس میں طے کردہ انتخابی حکمت عملی پر مزید غور کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پارٹی صدر نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں انتخابی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی، انہوں نے اجلاس میں شریک تمام رہنماوں کا آمد پر شکریہ بھی ادا کیا۔اجلاس سے خطاب کرنے والے پارٹی رہنماوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کشمیر کاز کی مضبوطی اور کشمیری عوام کی ترقی و خوشحالی کی ضامن جماعت ہے اور پارٹی کارکن بھرپور محنت سے انتخابی مہم کو کامیاب بنائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔