اسلام آباد،(سب نیوز)پاکستان میں پرتگال کے سفیر، پاؤلو میگوئیل گوئیڈس ڈومینگیز نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پرتگال کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور پرتگال کے درمیان دیرینہ، دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی اور کثیرالجہتی سطح پر امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے اعلیٰ سطح کے روابط کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اقتصادی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے دوطرفہ تجارت میں مسلسل اضافے کا خیرمقدم کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت اور بلیو اکانومی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے جی ایس پی پلس کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر پرتگال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس ضمن میں آئندہ بھی تعاون جاری رہنے کی امید ظاہر کی۔
چیئرمین سینیٹ نے پرتگال میں مقیم پاکستانی برادری کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک مؤثر پل قرار دیا۔ انہوں نے تعلیمی تعاون، جامعات کے مابین تبادلوں اور ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے لیبر موبیلٹی پارٹنرشپ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور پاکستان و پرتگال کے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس اور ارکانِ پارلیمنٹ کے درمیان روابط کے تسلسل کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر پرتگال کے سفیر پاؤلو میگوئیل گوئیڈس ڈومینگیز نے پرتپاک استقبال پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سیاسی، پارلیمانی، اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے پرتگال کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پاکستان-پرتگال تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
