ہومپاکستانپاکستان نے خطے میں کشیدگی میں کمی ، امن و استحکام کے فروغ کیلئے تاریخی کردار ادا کیا ،چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ

پاکستان نے خطے میں کشیدگی میں کمی ، امن و استحکام کے فروغ کیلئے تاریخی کردار ادا کیا ،چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ

اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر، جیانگ زائی ڈونگ نے چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی)کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پی سی گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے سے چینی عوام کی خوشحالی، قومی احیا اور عالمی امن و ترقی کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ چین اور پاکستان کی لازوال دوستی دونوں ممالک کی مشترکہ ترقی اور علاقائی استحکام کی مضبوط بنیاد ہے۔تقریب میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، سفارتی مشنوں کے سربراہان، پاکستانی معززین، چینی شہریوں اور بیرون ملک مقیم چینی برادری کے افراد نے شرکت کی۔سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے اپنے خطاب کے آغاز میں تمام معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ان دوستوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے چین کی ترقی اور چین۔پاکستان دوستی کے فروغ میں ہمیشہ تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ آج بیجنگ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے حوالے سے ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی، جہاں جنرل سیکریٹری شی جن پنگ نے اہم خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی 105 سالہ جدوجہد، تاریخی کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف کا جامع جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس خطاب میں تمام پارٹی اراکین پر زور دیا گیا کہ وہ اعتماد، عزم اور مسلسل جدوجہد کے ساتھ چین کو ہر لحاظ سے ایک جدید سوشلسٹ ملک بنانے اور چینی قوم کے عظیم احیا کے مقصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔سفیر نے کہا کہ گزشتہ 105 برسوں کے دوران سی پی سی نے چینی عوام کی خوشحالی اور قومی نشا ثانیہ کو اپنی اولین ترجیح بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی قیادت میں چین نے سامراج، جاگیرداری اور بیوروکریٹک سرمایہ داری کے نظام کا خاتمہ کیا، عوام کو اقتدار کا حقیقی مالک بنایا اور ملک کو نیم نوآبادیاتی اور نیم جاگیردارانہ نظام سے نکال کر ایک مضبوط اور ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کیا۔انہوں نے بتایا کہ 1952 میں چین کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی)67.9 ارب یوآن تھی جو 2025 میں بڑھ کر 140.2 ٹریلین یوآن تک پہنچ گئی۔ فی کس آمدنی 13400 امریکی ڈالر تک پہنچ چکی ہے جبکہ عالمی مینوفیکچرنگ پیداوار میں چین کا حصہ تقریبا 30 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2012 میں سی پی سی کی 18ویں قومی کانگریس کے بعد جنرل سیکریٹری شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے معاشی ترقی اور سماجی استحکام کے دو بڑے معجزے رقم کیے، تقریبا 10 کروڑ دیہی آبادی کو غربت سے نکالا اور دنیا کا سب سے بڑا تعلیمی، سماجی تحفظ اور صحت کا نظام قائم کیا۔انہوں نے کہا کہ رواں سال چین کے پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کا آغاز ہوا ہے اور مختلف عالمی دبا کے باوجود چین کی معیشت مستحکم انداز میں ترقی کر رہی ہے۔ پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح نمو 5 فیصد رہی جبکہ صنعتی پیداوار، خدمات کے شعبے اور بیرونی تجارت میں بھی مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چین کے زرمبادلہ کے ذخائر مئی کے اختتام پر 3.4 ٹریلین امریکی ڈالر سے زائد رہے۔سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ سی پی سی نہ صرف چین کی ترقی بلکہ عالمی امن، مشترکہ خوشحالی اور انسانیت کی بہتری کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین جدید طرز کی چینی ترقی کے ذریعے ترقی پذیر ممالک کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے اور امن، ترقی، تعاون اور باہمی مفاد پر مبنی عالمی نظام کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی)دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں کامیابی سے جاری ہے اور اب تک تقریبا ایک کھرب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری، تین ہزار سے زائد ترقیاتی منصوبوں اور چار لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بن چکا ہے۔ عالمی بینک کے مطابق بی آر آئی کے مکمل نفاذ سے 76 لاکھ افراد انتہائی غربت اور 3 کروڑ 20 لاکھ افراد درمیانی درجے کی غربت سے باہر نکل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین۔پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)بی آر آئی کا نمایاں منصوبہ ہے جس کے تحت اب تک پاکستان میں 25.9 ارب امریکی ڈالر سے زائد کی براہ راست سرمایہ کاری، 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتیں، 8 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی کی پیداوار، 510 کلومیٹر ایکسپریس ویز اور 886 کلومیٹر قومی ٹرانسمیشن لائنز تعمیر کی جا چکی ہیں، جس سے پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی کو نمایاں فروغ ملا ہے۔سفیر نے کہا کہ گزشتہ 105 برسوں کے دوران سی پی سی نے نظریاتی تعلیم اور پارٹی کی تنظیمی مضبوطی کو ہمیشہ بنیادی اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سیکریٹری شی جن پنگ نے اپنے حالیہ خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ مارکسزم پارٹی کی نظریاتی بنیاد ہے اور حقیقت پسندی، مسلسل جدت اور عملی تجربات کے ذریعے نظریات کو فروغ دینا سی پی سی کی کامیابی کا راز ہے۔انہوں نے کہا کہ شی جن پنگ تھیٹ آن سوشلزم ود چائنیز کریکٹرسٹکس فار اے نیو ایرا اور بالخصوص شی جن پنگ تھیٹ آن پارٹی بلڈنگ نہ صرف چین میں پارٹی کی تعمیر اور قومی حکمرانی کے لیے رہنما اصول فراہم کرتا ہے بلکہ دنیا بھر کی سیاسی جماعتوں کے لیے بھی مفید تجربات اور دانش مہیا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ روابط، تبادل خیال اور حکمرانی کے تجربات کے اشتراک کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کی ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط ہو۔انہوں نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2026 میں پاکستان کی جی ڈی پی 3.7 فیصد اضافے کے ساتھ 452 ارب امریکی ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی، جبکہ خدمات اور بڑے پیمانے کی صنعتوں میں بالترتیب 4.09 فیصد اور 6.1 فیصد ترقی ہوئی۔ فی کس آمدنی 1,751 امریکی ڈالر سے بڑھ کر 1,901 امریکی ڈالر ہوگئی، جو عوامی فلاح و بہبود میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔سفیر نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی کامیاب سہولت کاری کے ذریعے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر چین پاکستان کے ساتھ مل کر صدر شی جن پنگ، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عملدرآمد، چین کے پندرہویں پانچ سالہ منصوبے اور اڑان پاکستان منصوبے کے درمیان ہم آہنگی، سی پیک کے دوسرے مرحلے (سی پیک 2.0) کی تیز رفتار تکمیل، چین۔پاکستان سیاسی جماعتوں کے فورم اور مشترکہ مشاورتی نظام کو موثر بنانے، نیز عالمی ترقی، عالمی سلامتی، عالمی تہذیب اور عالمی گورننس کے اقدامات کو مشترکہ طور پر آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔اپنے خطاب کے اختتام پر سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے لیے مزید کامیابیوں، چین اور پاکستان کی خوشحالی، امن و استحکام، دونوں ممالک کی لازوال دوستی کی پائیداری اور تمام مہمانوں کی صحت، خوشحالی اور کامیابی کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔