کراچی(آئی پی ایس )چیئرمین پیپلزپارٹی نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح کے سفارتی محاذ پر پاکستان کی تاریخی پذیرائی دشمن سے ہضم نہیں ہورہی۔ کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر بزدلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے حملہ آور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسزکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
ترجمان بلاول ہاوس کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداکے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ بزدلانہ فعل سے واضح ہوا کہ عالمی سطح کے سفارتی محاذ پر پاکستان کی تاریخی پذیرائی دشمن سے ہضم نہیں ہورہی، پاکستانی قوم اپنے وطن کی حفاظت اور دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہے۔
