نیویارک: (آئی پی ایس) وینزویلا میں قیامت خیز زلزلے میں تباہی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 235 تک پہنچ گئی، جبکہ 4 ہزار 300 افراد زخمی ہیں، ملبے تلے دے لوگوں کا نکالنے کا عمل جاری ہے۔
گزشتہ روز وینزویلا میں 7.1 اور 7.5 شدت کے زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، شدید زلزلوں کے باعث 22 منزلہ عمارت سمیت متعدد رہائشی اور کمرشل عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، جس کے بعد فوری طور پر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
زلزلے کے بعد ہنگامی امدادی کام جاری ہیں جہاں رضاکار ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے کوشاں ہیں اور اب تک 235 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ درجنوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
زلزلے کے باعث سکول اور ٹرین سروس معطل کر دی گئیں، خوفناک زلزلے سے وینزویلا کا مرکزی بین الاقوامی ایئرپورٹ شدید نقصان کے باعث بند کر دیا گیا۔
وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی رودریگینز نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے ہنگامی حالات نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دنیا بھر کے رہنماؤں نے وینزویلا کے عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے امداد دینے کا اعلان کیا، امریکا نے متاثرین کیلئے 150 ملین ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد اور متاثرین کی ضروریات پوری کرنے کیلئے مختلف اداروں کے درمیان رابطے جاری ہیں، جبکہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے وینزویلا میں زلزلے سے تباہی و نقصان پر اظہار افسوس کیا اور وینزویلا حکومت، عوام اور متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا۔

