اسلام آباد(آئی پی ایس) اسلام آباد میں یوم عاشورہ کے موقع پر مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے امن واحترام سے اختتام پذیر ہوا، اس موقع پر قائد مزدور سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین کی رہائش گاہ پر شہدا کربلا کی یاد میں محفل نعت منعقد کی گئی اور جلوس میں شریک عزادران کے لیے لنگر حسینی اور سبیل لگائی گئی ۔ اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے سرپرست اعلی زمرد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ یوسف، ایس پی آپریشن قاضی علی، پیر عبید الرحمن عبید، قاری املاک، قاری شیر سیالوی، مرکزی امام بارگاہ کے صدر امجد علوی، سید اعجاز بخاری، رضوان بخاری سمیت عزادران ، اسلام آباد پولیس کے افسران و دیگر عقیدت مندوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔
اس موقع پر قائد مزدور چودھری محمد یسین نے کہا شہدا کربلا کی قربانیوں سے اسلام کا علم بلند ہے ، حضرت امام حسین نے اپنا پورا خاندان اسلام کی خاطر قربان کیا اور صبر کا مظاہرہ کر کے یہ درس دیا کہ اسلام کی وحدانیت اور پرچم کی بلندی کے لیے سر بھی کاٹ جائے تو پرواہ نہیں کرنی چاہیے ، ان کی تعلیمات ہمیں صبر کا درس دیتی ہے ۔ انھوں نے کہا ہمیں آپس میں بھائی چارہ، یکجہتی اور امن قائم کرنا ہوگا ، نفرتوں کا خاتمہ کرنا ہو گا ۔ ہمیں مل کر بیرونی قوتوں اور سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا ۔ اس موقع پر انھوں نے وزیر داخلہ سید محسن نقوی، آئی جی اسلام آباد، چئیرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر کا عاشورہ کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔

