لاہور(آئی پی ایس ) پاکستان ریلویز نے مالی سال 26-2025 کے دوران ایک کھرب 3 ارب روپے سے زائد آمدنی حاصل کر کے اپنی تاریخ کا نیا مالیاتی ریکارڈ قائم کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ریلوے نے مسافر ٹرینوں، فریٹ سروسز، اسکریپ کی فروخت، ریلوے اراضی اور دیگر شعبوں سے مجموعی طور پر 103 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل کی۔ جو ادارے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی آمدنی کے اہداف اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے متحرک ہیں۔ اسی سلسلے میں ریلوے ہیڈکوارٹر کے تمام پرنسپل افسران کو اہم اجلاس کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کے لیے یوم عاشور کی تعطیلات کے دوران بھی سی ای او ریلوے، ایڈیشنل جنرل منیجرز، پرنسپل افسران اور محکمہ اکانٹس کے افسران و عملے کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ریلوے کی مالی کارکردگی، آمدنی کے اہداف، جاری منصوبوں اور آئندہ مالی سال کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔واضح رہے کہ وزارت خزانہ کی گزشتہ رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلویز کو پچھلے مالی سال میں تقریبا 60 ارب روپے خسارے کا سامنا تھا۔ جبکہ رواں مالی سال کے حتمی مالی نتائج وزارت خزانہ کی آئندہ رپورٹ میں سامنے آئیں گے۔ تاہم آمدنی میں ریکارڈ اضافے کو ریلوے کی مالی صورتحال میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان ریلویز نے 103ارب روپے سے زائد آمدن کا نیا مالیاتی ریکارڈ قائم کر دیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

