Wednesday, June 24, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزخیبرپختونخوا اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دیدی

خیبرپختونخوا اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دیدی

اسلام آباد (آئی پی ایس )خیبرپختونخوا اسمبلی نے مالی سال 27-2026 کا صوبائی بجٹ کثرت رائے سے منظور کرلیا، جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں مجوزہ ترامیم کی بھی منظوری دے دی گئی۔بجٹ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر قانون و خزانہ آفتاب عالم اور مختلف محکموں کے متعلقہ وزرا نے مجموعی طور پر 66 مطالباتِ زر کی منظوری کے لیے الگ الگ تحاریک پیش کیں۔

اس موقع پر وزیر قانون و خزانہ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترامیم سے متعلق تحریک بھی ایوان میں پیش کی، جسے اسمبلی نے منظور کرلیا۔منظور شدہ ترامیم کے تحت ایوان کے اخراجات کے لیے مطالباتِ زر کی مد میں 62 کروڑ 79 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔

ایوان نے محکمہ خزانہ کے لیے 14 ارب 73 کروڑ روپے، محکمہ داخلہ کے لیے 4 ارب 56 کروڑ روپے سے زیادہ، پولیس کے لیے ایک کھرب 38 ارب روپے، اعلی تعلیم کے شعبے کے لیے 52 ارب 46 کروڑ 10 لاکھ روپے اور محکمہ صحت کے لیے مطالباتِ زر کی مد میں 2 کھرب 62 ارب 62 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دے دی۔

اسی طرح محکمہ مواصلات کے لیے 7 ارب 77 کروڑ روپے، محکمہ آب پاشی کے لیے 11 ارب 27 کروڑ روپے، محکمہ معدنی ترقی کے لیے 2 ارب 27 کروڑ روپے جبکہ محکمہ بہبودِ آبادی کے لیے ایک ارب 24 کروڑ روپے کے مطالباتِ زر بھی اسمبلی سے منظور کرلیے گئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔