اسلام آباد: (آئی پی ایس) اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں واقع اتوار بازار میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ نے بازار کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، تاہم بروقت کارروائی کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
حکام کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں ریسکیو 1122 کی چھ فائر بریگیڈ گاڑیاں مصروف رہیں، جبکہ پاک بحریہ کی فائر بریگیڈ نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ آگ بازار کے مجموعی طور پر 9 حصوں تک پھیل گئی تھی، جس کے نتیجے میں 380 سے زائد سٹال متاثر ہوئے، ابتدائی طور پر مالی نقصان کا تخمینہ تقریباً 12 کروڑ روپے لگایا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ایچ نائن اتوار بازار میں مجموعی طور پر 2 ہزار 743 سٹال موجود ہیں۔
یاد رہے کہ اس بازار میں آتشزدگی کا گذشتہ تین برسوں میں چوتھا بڑا واقعہ ہے، اس سے قبل جولائی 2024 میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 625 سٹال مکمل طور پر جل گئے تھے۔

