اسلام آباد(آئی پی ایس )ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے 20 جون 2026 کو ملائیشیا جانے والی پرواز کے دوران چار مسافروں کو مشکوک سفری سرگرمیوں کی بنیاد پر آف لوڈ کر دیا۔ تفصیلی جانچ پڑتال اور تفتیش کے دوران ان کے قبضے سے جعلی ماریشس پاسپورٹس اور جعلی قومی شناختی کارڈز برآمد ہوئے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مسافروں نے ان جعلی دستاویزات کو استعمال کرتے ہوئے ملائیشیا کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
دورانِ تفتیش ایک مبینہ ایجنٹ اور بعض سہولت کاروں کے ملوث ہونے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔تمام افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اہلکاروں کے کردار کا تعین کرنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد حاصل کیے جا رہے ہیں۔ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

