Sunday, June 21, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینبلوچستان اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے ایک ہزار 79ارب روپے حجم کے بجٹ کی کثرت رائے سے منظوری دیدی

بلوچستان اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے ایک ہزار 79ارب روپے حجم کے بجٹ کی کثرت رائے سے منظوری دیدی

کوئٹہ (سب نیوز)بلوچستان اسمبلی نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے ایک ہزار 79 ارب روپے حجم کے صوبائی بجٹ کی کثرتِ رائے سے منظوری دے دی۔ وزیر اعلی بلوچستان نے نئے مالی سال کے بجٹ کے خدوخال پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ریاست توڑنے کی شرط پر دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے لیے مجموعی طور پر 98 مطالباتِ زر مرحلہ وار ایوان میں پیش کیے ۔ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات سے متعلق تمام مطالباتِ زر ایوان کے سامنے رکھے۔ایوان نے غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 797 ارب 80 کروڑ 88 لاکھ روپے مالیت کے ترپن مطالباتِ زر جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 291 ارب روپے کے 45 مطالباتِ زر کی منظوری دی۔

اپوزیشن کی جانب سے کسی بھی مطالبہ زر پر کٹوتی کی تحریک پیش نہیں کی گئی جس کے باعث بجٹ کی منظوری کا عمل مختصر وقت میں مکمل ہوگیا۔بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سرفراز بگٹی نے اپنی قیادت، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کا شکریہ ادا کیا، کہا کہ اتحادی جماعتوں نے مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دیا جبکہ اپوزیشن کی تنقید کو حکومت نے مثبت رہنمائی کے طور پر لیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔