اسلام آباد:(سب نیوز) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) / میونسپل کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے اسلام آباد کی صنعتی برادری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انڈسٹریل ایریا آئی-9 اور انڈسٹریل ٹرائنگل کہوٹہ روڈ میں واقع صنعتی یونٹس کو جاری کیے گئے پراپرٹی ٹیکس نوٹسز کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا تاکہ حقیقی ٹیکس دہندگان کو انصاف، شفافیت اور مناسب ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یہ یقین دہانی ڈائریکٹر ریونیو سی ڈی اے/ایم سی آئی کاشف نیاز نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں کاروباری برادری کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران کرائی۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر عدنان خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اظہر لطیف اور انسپکٹر زاہد اختر بھی موجود تھے۔ اجلاس کی صدارت آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کی جبکہ نائب صدر محمد عرفان چوہدری، چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق، صدر اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن اومیس خٹک، ایگزیکٹو ممبران ثناء اللہ درانی، ذوالقرنین عباسی، وسیم چوہدری سمیت بڑی تعداد میں صنعتکاروں اور تاجروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے سی ڈی اے کے وفد کا خیرمقدم کیا اور موجودہ معاشی حالات میں کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کی۔ انہوں نے حال ہی میں صنعتی و تجارتی یونٹس کو گزشتہ کئی سالوں کے بھاری بقایاجات پر مشتمل پراپرٹی ٹیکس نوٹسز کے اجرا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صنعتکاروں اور کاروباری افراد میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے مشاورتی اور سہولت کاری پر مبنی طرزِ عمل اختیار کیا جائے تاکہ قانون کی پاسداری کرنے والے ٹیکس دہندگان کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق، صدر اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن اومیس خٹک اور دیگر شرکاء نے بھی ان نوٹسز پر تحفظات کا اظہار کیا جن میں بھاری بقایاجات اور تاخیر سے ادائیگی کے سرچارجز شامل تھے، حالانکہ متعدد کاروباری ادارے باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ سے مطالبہ کیا کہ ایسے معاملات کا ازسرِنو جائزہ لے کر قانون پسند ٹیکس دہندگان کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
شرکاء کے تحفظات کا جواب دیتے ہوئے ڈائریکٹر ریونیو کاشف نیاز نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت، روزگار کے مواقع اور قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام حقیقی مسائل کو باہمی مشاورت اور تعاون کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ تمام نوٹسز کا تفصیلی جائزہ لے گا اور جہاں ضروری ہوا وہاں غیر منصفانہ بقایاجات یا متنازعہ واجبات واپس لیے جائیں گے۔ آئی سی سی آئی کی طرف سے اس سلسلے میں امیس خٹک اور خالد چوہدری پر مشتمل ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی جو متعلقہ حکام سے رابطے میں رہے گی ۔
انڈسٹریل ٹرائنگل کہوٹہ روڈ کے حوالے سے شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ اس علاقے کو دیگر علاقوں کے مقابلے میں مناسب بلدیاتی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ اس پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے اتفاق کیا کہ حتمی فیصلہ کرنے سے قبل تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کی جائے گی۔ دونوں جانب سے اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ٹیکس سے متعلقہ امور کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے باہمی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس خوشگوار اور تعمیری ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔ شرکاء نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے مثبت اور تعاون پر مبنی رویے کو سراہا جبکہ سی ڈی اے/ایم سی آئی کے وفد نے کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور ان کے جائز مسائل کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سابق سنیئر نائب صدر اسلام آباد چیمبر خالد چوہدری نے موئثر انداز میں تقریب کا نظامت کے فرائض سر انجام دیے ۔

