اسلام آباد(سب نیوز)ماریشس کے ہائی کمشنر ایچ ای منسو کریمبیکس نے منگل کے روز یہاں وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری برائے افریقہ، سفیر حامد اصغر خان سے ملاقات کی۔ماریشس کے ہائی کمشنر نے سفیر حامد اصغر خان کو ایک شائستہ اور قابل شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ افریقہ کے امور میں گہری دلچسپی اور جذبہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افریقی براعظم کے بارے میں سفیر حامد اصغر خان کی گہری سمجھ بوجھ اور افریقہ کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی مسلسل حمایت ہر باہمی گفتگو کو بامعنی اور نتیجہ خیز بناتی ہے۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور دوطرفہ روابط کو مزید فعال بنانے پر بات چیت کی گئی۔ بالخصوص ثقافتی سفارت کاری کے شعبے میں نئے سرے سے روابط اور خیالات کے تبادلے کو پاکستان اور ماریشس کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔
