اسلام آباد(سب نیوز)انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس (آئی پی سی)کی سیکریٹری جنرل سینیٹر ستارہ ایاز نے پاکستان میں ترکمانستان کے سفارتخانے کا دورہ کیا۔اس موقع پر ترکمانستان کے سفیر اے۔ موملاف کے ساتھ ملاقات میں ترکمانستان اور انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کے درمیان تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بین الپارلیمانی روابط کو مضبوط بنانے، خطے کے مختلف ممالک کے ارکانِ پارلیمنٹ کے درمیان مکالمے کو وسعت دینے اور ترکمانستان کی مجلس اور انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر خصوصی زور دیا گیا۔دونوں جانب سے وسطی ایشیائی ممالک کے ارکانِ پارلیمنٹ کی شرکت سے بین الاقوامی کانفرنسوں، گول میز اجلاسوں اور پارلیمانی فورمز کے انعقاد کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اس امر کی نشاندہی کی گئی کہ ایسی مشترکہ سرگرمیاں پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ، قانون سازی کے بہترین طریقہ کار کے تبادلے اور علاقائی و عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی وضع کرنے کے موثر پلیٹ فارم ثابت ہوسکتی ہیں۔
ترکمانستان کے سفیر نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی تجویز کی حمایت کی۔ سینیٹر ستارہ ایاز نے ترکمانستان کی مستقل غیر جانب دار پالیسی کو سراہتے ہوئے تعمیری مکالمے پر ترکمانستان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے بین الپارلیمانی تعلقات کے استحکام، علاقائی شراکت داری کے فروغ اور قانون سازوں کے درمیان روابط و تبادلوں کو مزید وسعت دینے کے لیے مشترکہ اقدامات کے ذریعے باقاعدہ رابطہ برقرار رکھنے اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کی سیکریٹری جنرل کا ترکمانستان کے سفارتخانے کا دورہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
