Friday, June 19, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینسوڈان کی تعمیرِ نو میں پاکستانی سرمایہ کاروں کی دلچسپی، وزیرِ توانائی و تیل سے اہم ملاقات

سوڈان کی تعمیرِ نو میں پاکستانی سرمایہ کاروں کی دلچسپی، وزیرِ توانائی و تیل سے اہم ملاقات

جدہ(خالد نواز چیمہ)سوڈان کے وزیرِ توانائی و تیل، معتصم ابراہیم احمد نے پاکستانی سرمایہ کاروں کے ایک اعلی سطحی وفد سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں توانائی، بجلی، تیل و گیس، قابلِ تجدید توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور دوطرفہ تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیرِ توانائی نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ جنگ کے باعث خرطوم سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کا بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے، جس کی بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاری اور تکنیکی مہارت کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس، ٹرانسمیشن لائنز، سب اسٹیشنز اور دیگر برقی تنصیبات کی تعمیر و مرمت سوڈان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔وزیرِ توانائی نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو خصوصی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان کی حکومت ٹرانسفارمر مینٹیننس، ریپئر اور ری ہیبیلیٹیشن کے شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کا خیرمقدم کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک بھر میں ہزاروں ٹرانسفارمرز کی مرمت اور بحالی درکار ہے، جبکہ الیکٹریکل اور ڈسٹری بیوشن پینلز کی تیاری اور مقامی مینوفیکچرنگ کے لیے بھی غیر معمولی مواقع موجود ہیں۔اس موقع پر پاکستانی سرمایہ کار ملک اقبال نے خرطوم میں ڈسٹری بیوشن پینلز کی جدید مینوفیکچرنگ فیکٹری قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی سوڈان سے ڈسٹری بیوشن پینلز کی فراہمی کا ایک اہم آرڈر حاصل ہونے کی توقع ہے، جو مقامی صنعت کی ترقی اور توانائی کے شعبے کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ملاقات میں پاکستان انوسٹر فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود کا کردار خصوصی طور پر زیرِ بحث آیا۔

سوڈانی حکام نے پاکستان انوسٹر فورم کی جانب سے سوڈان میں سرمایہ کاری کے فروغ، دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان روابط کے استحکام اور تعمیرِ نو کے منصوبوں میں پاکستانی کمپنیوں کی شمولیت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ چوہدری شفقت محمود نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار سوڈان کی تعمیرِ نو اور معاشی بحالی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ اور مہارت فراہم کر سکتے ہیں۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے توانائی کے شعبے میں مشترکہ تعاون، سرمایہ کاری اور سوڈان کی تعمیرِ نو کے عمل میں پاکستانی کمپنیوں کی فعال شرکت کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس پیش رفت کو پاکستان اور سوڈان کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کے ایک نئے اور روشن باب کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔