Wednesday, June 10, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینقومی اقتصادی سروے، حکومت زیادہ تر معاشی اہداف حاصل کرنے میں ناکام

قومی اقتصادی سروے، حکومت زیادہ تر معاشی اہداف حاصل کرنے میں ناکام

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی حکومت کا رواں مالی سال 26-2025 کے لیے مقرر کردہ معاشی شرح نمو سمیت زیادہ تر معاشی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہنے کا انکشاف ہوا ہے تاہم ترسیلات زر، سروسز سمیت متعدد شعبوں میں اہداف حاصل کرلیے گئے ہیں۔وفاقی حکومت کی جانب سے واں مالی سال کی اقتصادی کارکردگی کے بارے میں اقتصادی سروے جمعرات کو جاری ہوگا

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں ملک کی معاشی شرح نمو 4 اعشاریہ2فیصد ہدف کے مقابلے میں 3اعشاریہ7فیصد تک محدود رہنے کا تخمینہ ہے جبکہ عالمی مالیاتی ادارہ(آئی ایم ایف)، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے بھی شرح نمو کم رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ فی کس آمدن، زراعت اور صنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف بھی پورا نہیں ہوسکا ہے تاہم ترسیلات زر میں اضافہ ہوا اور خدمات کے شعبے کی کارکردگی بہتر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق رواں مالی سال میں اوسط مہنگائی7اعشاریہ50فیصد سالانہ ہدف کے مقابلے میں 11 ماہ کے دوران 7 فیصد رہی ہے جبکہ مئی میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 11اعشاریہ66فیصد تک پہنچ گئی۔ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال فی کس آمدنی کا سالانہ ہدف 5 لاکھ 60 ہزار 803 روپے تھا جبکہ فی کس آمدن 5 لاکھ 33 ہزار 629 روپے تک محدود رہنے کا خدشہ ہے البتہ ڈالروں میں فی کس آمدنی 150 ڈالر اضافے سے 1901 ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ زراعت اور صنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف بھی حاصل نہیں ہوسکا ہے، زرعی شعبے کی عبوری کارکردگی 4اعشاریہ5فیصد ہدف کے مقابلے میں 2اعشاریہ89فیصد، صنعتی شعبے کی گروتھ 4اعشاریہ30فیصد ٹارگٹ کے برعکس 3اعشاریہ51فیصد رہنے کی توقع ہے۔اسی طرح رواں مالی سال خدمات کے شعبے کی کارکردگی 4فیصد ہدف سے کچھ زیادہ 4اعشاریہ09فیصد رہنے کا امکان ہے، ترسیلات زر میں 9فیصد اور مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں ترسیلات 38 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جون کے آخر تک 41ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اشیا کی برآمدات کا ہدف تو 35اعشاریہ3ارب ڈالر تھا تاہم 11ماہ میں 28ارب ڈالر تک محدود رہی ہیں اسی طرح درآمدات کا ہدف 65 اعشاریہ 2ارب ڈالر تھا جبکہ رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ(جولائی تا مئی)کے دوران ملک کی درآمدات 63 ارب ڈالر رہی ہیں اور توقع ہے کہ جون تک حتمی اعدادوشمار میں برآمدات و درآمدات کے اہداف بھی حاصل ہوجائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔