گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات 2026 کے حوالے سے انتخابی اعداد و شمار سامنے آ گئے ہیں، جن کے مطابق حکومت سازی میں چار اہم اضلاع کلیدی کردار ادا کریں گے۔
دیامر، گلگت، غذر اور سکردو کو سیاسی جماعتوں کے لیے سب سے اہم انتخابی مراکز قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ گلگت بلتستان کے مجموعی ووٹرز میں سے 62.5 فیصد ووٹرز انہی چار اضلاع میں مقیم ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ان چار اضلاع میں مجموعی طور پر 5 لاکھ 98 ہزار 788 رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں۔
ضلع وار تفصیلات کے مطابق دیامر میں 1 لاکھ 58 ہزار 714، گلگت میں 1 لاکھ 55 ہزار 383، سکردو میں 1 لاکھ 42 ہزار 747 جبکہ غذر میں 1 لاکھ 41 ہزار 944 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔
انتخابی اعداد و شمار کے مطابق مجموعی ووٹرز کا تقریباً دو تہائی حصہ انہی چار اضلاع میں آباد ہے، جس سے ان کی انتخابی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
نشستوں کی تقسیم کے مطابق ان چار اضلاع میں مجموعی طور پر 13 نشستیں موجود ہیں۔ سکردو میں 4، گلگت میں 3، غذر میں 3 اور دیامر میں 3 انتخابی نشستیں شامل ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق آنے والے انتخابات میں انہی اضلاع میں کامیابی حکومت سازی کا فیصلہ کن عنصر ثابت ہو سکتی ہے۔

