اسلام آباد (سب نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔درخواست ایڈووکیٹ عزیر بھنڈاری کے ذریعے دائر کی گئی ہے، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 12 مارچ 2026 کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا فوری میڈیکل چیک اپ کرانے کی درخواست کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کا فوری طبی معائنہ ضروری ہے۔درخواست میں ڈاکٹر خرم مرزا، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمنیہ نیازی سے میڈیکل معائنہ کرانے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔ درخواست میں علاج کے دوران اہلخانہ، وکلا اور ذاتی معالجین سے ملاقات کی اجازت دینے کی بھی استدعا شامل ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور علاج سے متعلق بروقت معلومات فراہم کی جائیں اور مکمل میڈیکل رپورٹس، آئی رپورٹس اور بلڈ رپورٹس بھی مہیا کی جائیں۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اہل خانہ اور وکلا کو علاج کے تمام مراحل میں شامل رکھا جائے جبکہ گزشتہ 4 ماہ کی تمام تشخیصی رپورٹس بھی فراہم کی جائیں۔
