Sunday, May 17, 2026
ہومتازہ تریناسلام آباد اغوا کیس کا ڈراپ سین، شہری نے خود ہی اغوا کا ڈرامہ رچایا، پولیس

اسلام آباد اغوا کیس کا ڈراپ سین، شہری نے خود ہی اغوا کا ڈرامہ رچایا، پولیس

اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی دارالحکومت سے مبینہ طور پر اغوا ہوکر کچے پہنچنے والے شہری کے معاملے کا ڈراپ سین ہو گیا۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ شہری نے خود ہی اغوا کا ڈرامہ رچایا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نورالدین نے اپنے دو دوستوں کی مدد سے اغوا کی جعلی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی۔ ملزم کا مقصد مبینہ طور پر مخالفین کے خلاف مقدمات درج کروانا اور خود پر واجب الادا رقوم سے بچنا تھا۔ذرائع کے مطابق نورالدین نے مختلف افراد سے فراڈ کے ذریعے بھاری رقوم حاصل کر رکھی تھیں اور رقم واپس کرنے کے بجائے اغوا کا ڈرامہ ترتیب دیا۔

ایس پی سٹی ایاز اور ان کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اور اس کے دونوں ساتھیوں کو رحیم یار خان سے گرفتار کر لیا۔یاد رہے کہ نورالدین کی گمشدگی کا مقدمہ یکم مئی کو تھانہ آبپارہ میں اس کے بھائی سیف الدین کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نورالدین کو اسلام آباد سے اغوا کیا گیا ہے۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔