اسلام آباد (سب نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ نکبہ کے موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت، آزادی اور وقار کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1948 کے المناک واقعات کے نتیجے میں لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں اور زمینوں سے بے دخل ہوئے، اور آج بھی وہ مسلسل مشکلات اور مصائب کا سامنا کر رہے ہیں۔
صدر مملکت نے کہاکہ نکبہ فلسطینی عوام کے لیے محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک جاری حقیقت ہے، جو قبضے، محرومی اور بنیادی حقوق سے انکار کی صورت میں آج بھی موجود ہے۔انہوں نے واضح کیاکہ پاکستان ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورمز پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی مہاجرین کی مسلسل حمایت یقینی بنائے اور قرارداد 194 کے تحت ان کے حقِ واپسی کو عملی شکل دی جائے۔ صدر مملکت نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور اسرائیلی اقدامات کے احتساب کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا، جو 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
صدر نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کرے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی نکبہ کی 78ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں فلسطینی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے جاری ظلم، قبضے اور تشدد کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔وزیراعظم نے 1948 سے جاری فلسطینیوں کی بے دخلی اور مسلسل مشکلات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس غمگین موقع پر اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔
