اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے فشریز مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان کی فشریز برآمدات پہلی بار 50 کروڑ ڈالر کی حد عبور کر گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے مالی سال کے لیے مقرر کردہ 50 کروڑ ڈالر کا ہدف 46 روز قبل ہی حاصل کرلیا ہے۔ان کے مطابق ڈاکٹر منصور وسان کی سربراہی میں میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی قابلِ تعریف رہی ہے۔
جنید انوار چوہدری نے مزید بتایا کہ پاکستان کی مجموعی سی فوڈ برآمدات 80 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ چین بدستور پاکستان کی سب سے بڑی سی فوڈ مارکیٹ برقرار ہے۔انہوں نے کہاکہ جولائی سے دسمبر کے دوران فشریز برآمدات میں 21 اعشاریہ6فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق منجمد مچھلی ملک کی سب سے بڑی برآمدی کیٹیگری کے طور پر سامنے آئی ہے۔وزیر بحری امور کے مطابق تھائی لینڈ، جاپان اور یورپی یونین کو برآمدات میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ وسطی ایشیائی ممالک میں پاکستانی سی فوڈ کی طلب میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
