اسلام آباد(آئی پی ایس ) ٹریفک پولیس نے عیدالاضحی پر مویشی منڈیوں کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پلان تشکیل دے دیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس پی ٹریفک اور زونل ڈی ایس پیز نے شرکت کی۔
اجلاس میں عیدالاضحی کے موقع پر اسلام آباد میں قائم مویشی منڈیوں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان کی منظوری دی گئی۔چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق ٹریفک پولیس کے 350 سے زیادہ افسران اور اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے جبکہ مویشی منڈیوں کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مویشی منڈیوں کے اطراف سڑکوں پر گاڑیاں پارک کرنے سے گریز کریں اور صرف مختص کردہ پارکنگ ایریاز کا استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں سے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون اور جاری ہدایات پر عمل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کی رہنمائی کے لیے ہر وقت موجود رہے گی۔
