Saturday, May 16, 2026
ہومپاکستانالیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کر دی

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کر دی

مظفر آباد (سب نیوز)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کی رجسٹریشن سے متعلق درخواست کو مسترد کردیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے رجسٹریشن کے لیے معزز عدالت العالیہ کے فیصلے وحید اشرف و دیگر بنام الیکشن کمیشن و دیگراور متعلقہ انتخابی قوانین کی روشنی میں درخواست جمع کرائی گئی تھی۔

الیکشن کمیٹی نے بتایا کہ درخواست کی جانچ پڑتال کے دوران الیکشن کمیشن نے مالیاتی ریکارڈ کے آڈٹ کے لیے ایک آڈٹ افسر مقرر کیا تاکہ جماعت کے اکانٹس اور مالی دستاویزات کا جائزہ لیا جا سکے۔آڈٹ افسر کی ابتدائی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ درخواست گزار جماعت کے مالیاتی ریکارڈ اور اکانٹس میں الیکشن رولز کے رول 121 کی خلاف ورزیاں پائی گئی ہیں۔اعتراضات سامنے آنے پر الیکشن کمیشن نے معاملہ دوبارہ جانچ کے لیے آڈٹ افسر کو بھجوایا، تاہم دوسری رپورٹ میں بھی انہی خلاف ورزیوں اور اعتراضات کو برقرار رکھا گیا۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں اور وکلا کو ذاتی سماعت کا موقع فراہم کیا۔

فریقین کے دلائل اور ریکارڈ کے تفصیلی جائزے کے بعد کمیشن اس نتیجے پر پہنچا کہ جماعت رول 121 کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق نتیجتا مالیاتی ریکارڈ میں بے ضابطگیوں اور قانونی تقاضوں کی عدم تکمیل کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ کیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن اور نگرانی آئین و قانون کے مطابق شفاف اور مساوی اصولوں کے تحت انجام دیتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔