ماسکو (آئی پی ایس )روسی صدر ولادیمیر پیوٹن 19اور 20مئی کو چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔روسی صدارتی دفتر کے مطابق یہ دورہ روس اور چین کے درمیان معاہد حسنِ ہمسائیگی اور دوستانہ تعاون کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر کیا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔
دورے کے دوران دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات، جامع شراکت داری اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کریں گے، اس کے علاوہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو متوقع ہے۔صدر پیوٹن اور صدر شی جن پنگ روس چین تعلیمی سال 2026-2027 کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اعلامیہ اور مختلف بین الحکومتی و بین الادارہ جاتی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ دورے کے پروگرام میں چینی وزیراعظم ملاقات بھی شامل ہے، جس میں تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے امکانات پر بات چیت کی جائے گی۔
