سلہٹ: (آئی پی ایس) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ کے دوران محمد عباس نے میزبان کپتان نجم الحسین شنٹو کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کر بیرونِ ملک ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں۔
محمد عباس نے اس سے قبل بنگلا دیش کے دونوں اوپنرز محمود الحسن اور تنزاد حسن کو بھی پویلین بھیجا تھا، محمد عباس کی جانب سے تیسری وکٹ حاصل کرنے کے بعد وہ بیرونِ ملک 100 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر بن گئے۔
ان سے قبل اس فہرست میں وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان، محمد عامر اور عمر گل بھی شامل ہیں۔
36 سالہ محمد عباس نے 2017 میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک 51 اننگز میں 109 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جن میں سے صرف 9 وکٹیں پاکستان کی سرزمین پر حاصل کیں جبکہ باقی تمام وکٹیں غیرملکی سرزمین پر کیے گئے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی انہوں نے پاکستان کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور میچ کی دوسری ہی گیند پر محمود الحسن کی وکٹ لی اور پھر تنزاد حسن کی وکٹ لے کر بنگلا دیش کی ابتدائی مزاحمت توڑ دی۔
