جدہ( خالد نواز چیمہ)
پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے چیئرمین مدثر علی چیمہ کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی میں نمایاں، غیر معمولی اور قابلِ فخر خدمات کے اعتراف میں “تمغہ امتیاز” سے نواز دیا گیا۔
یہ اعزاز نہ صرف مدثر علی چیمہ بلکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں خصوصاً پاکستانی کمیونٹی برائے کوریا کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پروقار تقریب پاکستان ایمبیسی سئیول میں منعقد ہوئی، جہاں کورین سول سوسائٹی، سفارتی شخصیات، کاروباری رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا ماحول انتہائی پُرجوش اور جذباتی تھا، جبکہ شرکاء نے مدثر علی چیمہ کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کا آغاز ایمبیسی میں تعینات ہیڈ آف چانسری رابیل کینڈی کے افتتاحی کلمات سے ہوا۔ انہوں نے صدرِ پاکستان کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا جس میں مدثر علی چیمہ کی اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بے مثال خدمات، پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ، کاروباری میدان میں کامیابیوں اور سماجی شعبے میں ان کی انتھک کاوشوں کو سراہا گیا۔
بعد ازاں سفیر پاکستان سید معظم حسین شاہ نے باقاعدہ طور پر مدثر علی چیمہ کو تمغہ امتیاز عطا کیا۔ اس موقع پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور شرکاء نے اس قومی اعزاز کو پوری پاکستانی برادری کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔
پاکستان میں کوریا کے سابق سفیر ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدثر علی چیمہ نے پاکستان اور کوریا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے، پاکستانی کمیونٹی کی رہنمائی کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان مثبت روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی ہمیشہ کوریا میں مثبت شناخت کے ساتھ ابھری ہے اور مدثر علی چیمہ اس کی روشن مثال ہیں۔
سفیر پاکستان معظم حسین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مدثر علی چیمہ نے جس جذبے، دیانت داری، خلوص اور محنت کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کی، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز دراصل بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف کی ایک خوبصورت اور تاریخی مثال ہے۔
تقریب کے اختتام پر مدثر علی چیمہ نے اپنے تشکری خطاب میں حکومتِ پاکستان، پاکستانی سفارتخانے اور پوری پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی برادری کی مشترکہ کاوشوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کے مثبت تشخص، کمیونٹی ویلفیئر اور پاک-کوریا تعلقات کے فروغ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ چوہدری مدثر علی چیمہ سعودی عرب میں مقیم چوہدری مبشر افضل چیمہ کے بھائی ہے سعودی عرب میں مقیم معروف کاروباری، سیاسی و سماجی شخصیت، سابق چیئرمین بیت المال گوجرانوالہ اور عوامی حلقوں میں انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ وہ ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، فلاحی سرگرمیوں اور کمیونٹی ویلفیئر میں بھرپور کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ مدثر علی چیمہ کی اس تاریخی کامیابی پر چوہدری مبشر افضل چیمہ کی خوشی دیدنی تھی، جبکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور کاروباری حلقوں نے دونوں بھائیوں کو اس اہم قومی اعزاز پر دلی مبارکباد پیش کی۔
یہ اعزاز نہ صرف چیمہ خاندان بلکہ گوجرانوالہ، سعودی عرب، کوریا اور پوری پاکستانی قوم کے لیے فخر کا باعث بن گیا ہے۔
