اسلام آباد (سب نیوز)ملک بھر کی میڈیسن مارکیٹوں میں انفلوئنزا فلو کی جعلی ویکسین کی فراہمی کا انکشاف ہوا ہے ڈریپ نے الرٹ جاری کر دیا۔ملک بھر کی میڈیسن مارکیٹوں میں انفلوئنزا فلو کی جعلی ویکسین کی سپلائی کا انکشاف ہوا ہے اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ)کے مطابق انفلو ویک ٹیٹرا، ویکسیگرپ ٹیٹرا نامی جعلی فلو ویکسین سپلائی ہوئی ہے۔ ملٹی نیشنل ایبٹ فارما، سنوفی ونتھراپ کی فلو ویکسین کے بھی جعلی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ڈریپ نے انفلو ویک ٹیٹرا، ویکسیگرپ ٹیٹرا کے پراڈکٹ الرٹس جاری کر دیے ہیں۔ جس کے مطابق انفلو ویک ٹیٹرا ویکسین پیکٹ پر ایبٹ بائیولوجیکلز نیدرلینڈز کا پتہ درج ہے جب کہ ویکسیگرپ ٹیٹرا ویکسین پیکٹ پر سنوفی ونتھراپ پر فرانس کا پتہ درج ہے۔ڈریپ اعلامیے کے مطابق سنوفی کے پاکستان میں ڈسٹری بیوٹر نے جعلی فلو ویکسین سپلائی کی اطلاع دی ہے۔ڈریپ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ویکسی گرپ ٹیٹرا انفلوئنزا ویکسین کا بیچ وائے فور بی34 جعلی ہے کیونکہ مذکورہ بیچ امپورٹ نہیں ہوا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور میں سپلائی ہونے والی انفلو ویک ٹیٹرا فلو ویکسین کا بیچ پی 13 جعلی ہے۔
ڈریپ کے جاری الرٹ میں ڈاکٹروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مریضوں کو جعلی بیچز والی فلو ویکسین استعمال نہ کرائیں، کیونکہ ان کا معیار اور افادیت غیر واضح، استعمال جان لیوا ہو سکتا ہے۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ جعلی ویکسین کے منفی اثرات کی اطلاع نیشنل فارما کے ویجیلنس سینٹر کو دی جائے۔ ڈاکٹرز، ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسیز جعلی فلو ویکسین کی فوری اطلاع دیں۔ڈریپ نے صوبوں کو جعلی ویکسین کی روک تھام کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ فورس مارکیٹ میں جعلی فلو ویکسین کی سپلائی چین کی تحقیقات کریں۔ڈریپ نے صوبائی ڈرگ حکام اور فیلڈ فورس کو جعلی ویکسین بیچز فوری ضبط کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
