ہومپاکستانبھگدڑ مچنے سے 2افراد جاں بحق، مسٹر پتلو سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ درج، 6گرفتار

بھگدڑ مچنے سے 2افراد جاں بحق، مسٹر پتلو سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ درج، 6گرفتار

سیالکوٹ (آئی پی ایس )پنجاب کے شہر سیالکوٹ کی پولیس نے مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2 افراد کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے پر ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر کے 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔رپورٹ کے مطابق مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ مسٹر پتلو سمیت دیگر ملزمان مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ایف آئی آر میں مسٹر پتلو سمیت نو نامزد ملزمان جبکہ 45 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس میں قتل بالسبب، سرکاری احکامات کی خلاف ورزی، توڑ پھوڑ، اشتعال انگیز اور غیر قانونی اجتماع کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔واقعے میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص اتوار کو جان کی بازی ہار گیا۔ سیالکوٹ پولیس کے مطابق زخمی ریحان کو تشویشناک حالت پر لاہور ریفر کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ھوئے آج ہلاک ہو گیا۔ مسٹر پتلو کی شادی کی تقریبات گذشتہ چند روز سے جاری تھیں اور وہ اپنی شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکانٹس پر بھی شیئر کر رہے تھے۔

پولیس کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق سنیچر کی شام ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراونڈ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب جاری تھی اور انھوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے موٹر سائیکلوں اور کار سمیت دیگر انعامات کا لالچ دے کر لوگوں کو مدعو کر رکھا تھا، جس پر کثیر تعداد میں لوگ وہاں جمع ہو گئے۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس دوران مسٹر پتلو نے سٹیج پر آ کر اعلان کیا کہ تمام لوگ فوری طور پر گرانڈ میں آ جائیں، جس پر لوگوں نے یکدم اندر جانے کی کوشش کی جس سے بھگدڑ مچ گئی اور عقیل نامی شخص موقع پر جان کی بازی ہار گیا۔پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فوری بعد ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹیڈیم کے باہر بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں اور وہ اچانک گراونڈ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں جس پر وہاں موجود سکیورٹی گارڈز ان کا راستہ روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس دوران سکیورٹی پر مامور افراد لوگوں پر لاٹھی چارج بھی کرتے ہیں اور انھیں واپس باہر دھکیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔پولیس کے مطابق شادی کی تقریب میں عام لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مسٹر پتلو کی ٹیم کی طرف سے سوشل میڈیا پر یہ مشتہر کیا گیا کہ مہندی کی تقریب میں عام لوگوں میں دو کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے، اس کے علاوہ ایک کار، 50 موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور کئی دیگر بیش قیمت تحائف کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔سیالکوٹ کے علاوہ اردگرد کے اضلاع گوجرانوالہ، گجرات، وزیر آباد، منڈی بہا الدین اور نارووال سے بھی لوگوں کی بڑی تعداد فراز سٹیڈیم میں مقررہ وقت سے کافی پہلے پہنچ چکی تھی۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کو مہندی کی تقریب ڈسکہ روڈ پر واقع فراز سپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کے لیے اجازت نامہ جاری کیا تھا، لیکن بعدازاں شرائط کی خلاف ورزی پر اسے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ٹک ٹاکر کو ڈسکہ روڈ میں چار دیواری کے اندر نجی فنکشن کے دوران محفلِ سماع وغیرہ کے انعقاد کے لیے این او سی جاری کیا گیا تھا، لیکن ایونٹ شروع ہونے سے قبل ہی اسے منسوخ کر دیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ این او سی میں پروگرام کے آغاز کا وقت نمازِ عشا کے بعد مقرر کیا گیا تھا، تاہم نجی فنکشن کے آرگنائزرز کی جانب سے شام تقریبا چار بجے ہی ایونٹ کے انتظامات میں خلاف ورزیوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے این او سی منسوخ کر دیا۔ابتدائی پولیس تحقیقات میں سامنے آیا کہ منتظمین نے سوشل میڈیا کے ذریعے موٹر سائیکلوں، کار اور دیگر قیمتی انعامات کی قرعہ اندازی کی تشہیر کر کے بڑی تعداد میں لوگوں کو مدعو کیا تھا۔ تقریب کے دوران لاڈ سپیکر پر شرکا کو بیک وقت گرانڈ میں داخل ہونے کا کہا گیا جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔پولیس کے مطابق منتظمین نے اجازت نامے کی شرائط اور حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔ بھگدڑ کے دوران مین ڈسکہ سیالکوٹ روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ ہنگامہ آرائی اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچنے کے واقعات بھی پیش آئے

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔