مکہ مکرمہ(سب نیوز) پاکستان کی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج مشن اور این آئی ٹی بی کے اشتراک سے ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانی عازمین کی خدمت اور رہنمائی کے لیے مامور 1378 خدامِ الحاج کی نگرانی کے لیے پہلی مرتبہ خدام مانیٹرنگ اینڈ پرفارمنس سسٹم فعال کر دیا ہے۔
مکہ مکرمہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے خدام مانیٹرنگ اینڈ پرفارمنگ سیل(کے ایم پی سی)کے کوآرڈینیٹر اور وزارت کے جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم خان نے بتایا کہ اس جدید نظام کے تحت یومیہ بنیادوں پر خدام کی کارکردگی کا اسکور کارڈ مرتب کیا جائے گا۔ اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتنے والے خدام کو پہلے مرحلے میں وارننگ اور جرمانہ، جبکہ مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر پاکستان ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔اس ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے کلیدی اشاریوں میں خدام کی حاضری، مقررہ پوائنٹ پر موجودگی، نظم و ضبط، اور دورانِ ڈیوٹی مخصوص جیکٹ و نسک کارڈکا پاس ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
عازمینِ حج کی سہولت کے لیے رہائش گاہوں اور بسوں کے پک اینڈ ڈراپ پوائنٹس پر کیو آر کوڈزآویزاں کیے جا رہے ہیں، جن کے ذریعے عازمین خود بھی خدام کے رویے اور خدمات کو ایک سے پانچ اسٹار تک ریٹنگ دے سکیں گے۔ ان تمام پہلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خدام کو 100 پوائنٹس میں سے نمبر دیے جائیں گے، جس کی بنیاد پر بہترین کارکردگی کے حامل افراد کو تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا۔احمد ندیم خان نے بتایا کہ اس سال خدام کا انتخاب این ٹی ایس کے ذریعے مکمل شفافیت کے ساتھ کیا گیا ہے اور یہ عملہ 12 سے 24 گھنٹے عازمین کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔
سسٹم میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے سیکٹر کوآرڈینیٹر کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ کسی خادم کی غیر حاضری یا شکایت پر اس کی ٹھوس شواہد کے ساتھ وضاحت کر کے ریکارڈ میں درستگی کراسکیں گے۔ بریفنگ میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ امسال خواتین خدام کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جنہیں الگ رہائش فراہم کی گئی ہے، اور تاحال تمام ٹیم ورک کے دوران کسی قسم کی ہراسمنٹ یا بدمزگی کی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
خدام کیلئے ڈیجیٹل اسکور کارڈ سسٹم فعال، عازمین کی ریٹنگ، غیر حاضری یا غفلت پر جرمانہ اور ڈی پورٹ کی سزا ہوسکتی ہے ، کوآرڈنیٹر احمد ندیم خان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
