لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور اہم شراکت داری پر استوار ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل رابطوں اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے امریکی قونصل جنرل لاہور کی رہائش گاہ پر امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر اور یو ایس قونصل جنرل لاہور اسٹیٹسن سینڈرز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، جبکہ باہمی رابطوں کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے پنجاب اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کو اہم قرار دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں رابطوں کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب، پلڈاٹ کے صدر احمد بلال محبوب، پرنسپل سیکرٹری برائے سپیکر عماد حسین بھلی، سپیکر کے ایڈوائزر اسامہ خاور اور ڈائریکٹر میڈیا برائے سپیکر پنجاب اسمبلی راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔
