ہومپاکستاناو آئی سی کے اہم اداروں 'کامسٹیک' اور 'آئی سی سی ڈی' کا وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کو خطوط کے ذریعے زبردست خراجِ تحسین، تعاون اور بصیرت افروز قیادت پر اظہارِ تشکر

او آئی سی کے اہم اداروں ‘کامسٹیک’ اور ‘آئی سی سی ڈی’ کا وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کو خطوط کے ذریعے زبردست خراجِ تحسین، تعاون اور بصیرت افروز قیادت پر اظہارِ تشکر

اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے دو ممتاز اداروں سائنس و ٹیکنالوجی کی قائمہ کمیٹی (کامسٹیک) اور اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی سی سی ڈی) نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کو الگ الگ خطوط ارسال کیے ہیں، جن میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، سائنس، ٹیکنالوجی اور مسلم دنیا کے ساتھ اقتصادی و تعلیمی روابط کے استحکام کے لیے ان کے کلیدی کردار اور فعال تعاون کو شاندار الفاظ میں سراہا گیا ہے۔

کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری نے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کے نام اپنے تعریفی خط میں کامسٹیک، سیٹاڈیل اور آئی سی سی ڈی کے اشتراک سے منعقدہ ‘گلوبل ساؤتھ انوویشن اینڈ انویسٹمنٹ سمٹ’ (3 تا 7 اگست 2026) اور ‘انٹرنیشنل ایجوکیشن سمٹ اینڈ ایکسپو’ (19 تا 20 اگست 2026) میں ان کی بھرپور شرکت اور مدلل خطابات پر دلی شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ کانفرنسوں کے دوران قیصر احمد شیخ کے طویل اور عملی تجربات پر مبنی بصیرت افروز خیالات نے اہم اور مثبت رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے سائنس، ٹیکنالوجی، جدید اختراعات (انوویشن) اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے وفاقی وزیر کے مسلسل عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل رہنمائی اور تعاون سے کامسٹیک کے اقدامات کو تقویت مل رہی ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر مزید اجاگر ہو رہا ہے۔ انہوں نے او آئی سی رکن ممالک اور مبصر ریاستوں میں پاکستان کی سائنسی و تکنیکی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اس شراکت داری کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی سی سی ڈی) کے سیکرٹری جنرل یوسف حسن خلاوی نے بھی وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کو ایک خصوصی مراسلہ بھیجا جس میں انہوں نے آئی سی سی ڈی کے ایونٹس میں وزیر سرمایہ کاری کی شرکت، سرپرستی اور ان کے اعزاز میں دیے گئے پروقار عشائیے سمیت پرتپاک میزبانی پر گہرے تشکر کا اظہار کیا۔

سیکرٹری جنرل آئی سی سی ڈی نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں بین الاقوامی اقتصادی تعاون اور نجی شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیصر احمد شیخ کی قیادت میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کی سرگرمیاں پاکستان کو بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مرکز بنانے اور مسلم دنیا کے ساتھ تجارتی و معاشی شراکت داری کو مستحکم کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ روابط دونوں اداروں کے مابین ایک پائیدار اور طویل مدتی ادارہ جاتی تعاون کا آغاز ہیں جس کے ذریعے او آئی سی ممالک میں معاشی ہم آہنگی، نجی شعبے کی ترقی اور باہمی تجارت کو فروغ دیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔