چانگشا(سب نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے صوبہ ہنان کے شہر چانگشا میں مختلف اہم اداروں کے دورے کیے، جن کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان زرعی، صنعتی اور تکنیکی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔اپنے دورے کے دوران صدر زرداری نے ہنان ٹی گروپ کا معائنہ کیا، جہاں انہیں چائے کی پیداوار، سپلائی چین کے نظام اور ویلیو ایڈیشن کے عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر پاکستان میں زرعی مصنوعات کی پراسیسنگ اور برآمدات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ صدر نے گروپ کو پاکستان میں چائے کی کاشت اور ایکسپورٹ کے شعبے میں اپنی مہارت اور تجربہ منتقل کرنے کی دعوت دی۔بعد ازاں صدر مملکت نے ایس اے این وائی ہیوی انڈسٹری کا دورہ بھی کیا، جو تعمیرات، اسمارٹ مینوفیکچرنگ اور کلین انرجی کے شعبوں میں عالمی سطح پر معروف ادارہ ہے۔ اس موقع پر صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور جدید انفراسٹرکچر کی ترقی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ صنعتی اور تکنیکی شراکت داری کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے تاکہ ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکے اور معاشی ترقی کے نئے راستے کھل سکیں۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک چین تعاون کو مزید مضبوط بنا کر زرعی پیداوار، صنعتی ترقی اور توانائی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا۔
صدر مملکت آصف زرداری کا چینی صوبہ ہنان میں اہم صنعتی و زرعی اداروں کا دورہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
