Thursday, April 23, 2026
ہومبریکنگ نیوزآزاد کشمیر کابینہ کے بڑے فیصلے، تعلیمی پیکج اور گریڈ ون سمیت ایڈہاک ملازمین کی مستقلی کی منظوری

آزاد کشمیر کابینہ کے بڑے فیصلے، تعلیمی پیکج اور گریڈ ون سمیت ایڈہاک ملازمین کی مستقلی کی منظوری

مظفرباد(آئی پی ایس )آزاد جموں و کشمیر کابینہ نے تعلیمی پیکج 2026، ایڈہاک، عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کی مدتِ ملازمت میں مزید 6 ماہ کی توسیع، اسکیل بی-01 کے ایڈہاک اور عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے ایکٹ 2026 سمیت سیکریٹریز سروس رولز 2023 کی بحالی سمیت متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ نے اپنے اجلاس میں چیئرمین ماحولیاتی ٹربیونل و چیئرمین اپیلنٹ ٹربیونل ایم ڈی اے کے اختیارات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت منعقدہ کابینہ اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنرل، سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر سیکریٹریز نے شرکت کی۔

کابینہ نے آزاد جموں و کشمیر لیگل پریکٹیشنرز و بار کونسل ترمیمی ایکٹ 1995 اور انتہا پسندی کے تدارک کے لیے سینٹر فار ایکسیلنس کے قیام کے ایکٹ 2026 کی بھی منظوری دیدی ہے۔کابینہ نے یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر مظفرآباد اور یونیورسٹی آف باغ کے لیے اضافی فنڈز کی فراہمی، ویمن یونیورسٹی باغ کے اسٹیٹس میں تبدیلی کی بھی منظوری دی ہے۔لائبریرینز کے لیے 4 درجاتی سروس اسٹرکچر کی منظوری، نادرا ایکٹ 2025 کو آزاد کشمیر میں نافذ کرنے، اور پرائیویٹ جنگلات سے لکڑی کی نکاسی سے متعلق کابینہ کمیٹی کی سفارشات بھی کابینہ اجلاس نے منظور کرلی ہیں۔

مزید برآں، 7.08 میگاواٹ ریالہ II ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے پیدا ہونے والی بجلی کی ترسیل کے لیے ٹرانسمیشن لائن اور ارتھ کنکشن کی اجازت دینے، الیکٹریسٹی ترمیمی ایکٹ 2026، پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی ایکٹ 2026، اور شہید پیکج میں ترامیم کر کے اسے پنجاب کے برابر لانے کی منظوری دی گئی۔

انسپکٹر تجاوزات (بی-11) کی آسامیوں کو اپ گریڈ کر کے بی-15 کرنے اور فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 و تجوید القرآن ٹرسٹ ایکٹ 2014 میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔تعلیمی پیکج کے تحت محکمہ ہائیر ایجوکیشن میں 726 نئی آسامیاں پیدا کی جائیں گی، جن میں 356 نئی قائم شدہ کالجز، 225 کالجز کی اپ گریڈیشن اور 142 موجودہ اداروں کے لیے ہوں گی، جن پر 764.932 ملین روپے لاگت آئے گی۔

اسی طرح ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن میں 182 نئے اسکولوں کے لیے 259، 653 اسکولوں کی اپ گریڈیشن کے لیے 2692، اور 200 اسکولوں میں 368 نئی آسامیاں پیدا کی جائیں گی، جن پر 2978.99 ملین روپے خرچ ہوں گے۔ایڈہاک و عارضی ملازمین کے ترمیمی ایکٹ 2026 کے تحت بی-01 کے تمام ملازمین مستقل کیے جائیں گے۔

ماحولیاتی ٹربیونل میں کم مقدمات کے باعث اس کے چیئرمین کے اختیارات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو منتقل کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ اپیلنٹ ٹربیونل ایم ڈی اے کے اختیارات بھی اسی طرح منتقل کیے گئے۔پبلک پروکیورمنٹ اتھارٹی کے تحت مستقل اسٹاف کی تعیناتی اور ضرورت کے مطابق کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ شہید پیکج میں اضافے کے تحت شہدا اور ان کے ورثا کو پنجاب طرز پر اعزازیہ دیا جائے گا۔

کابینہ نے میرپور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کو اپ گریڈ کر کے میرپور یونیورسٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری دی، تاکہ طبی شعبے میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔لیگل پریکٹیشنرز ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے بار کونسل ارکان کی تعداد 4 انتخابات تک مقرر کرنے اور حکومتی گرانٹ کے آڈٹ کا اختیار آڈیٹر جنرل کو دینے کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے یو اے جے کے مظفرآباد کے لیے 1042.676 ملین روپے اور یونیورسٹی آف باغ کے لیے 188.883 ملین روپے بطور ون ٹائم گرانٹ منظور کیے۔

ویمن یونیورسٹی باغ کو ترمیمی ایکٹ 2026 کے تحت بوائز کیمپس قائم کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے اعلان کیا کہ بجٹ تیاری کے پیش نظر جمعہ کی تعطیل ختم کی جا رہی ہے، تاہم تعلیمی اداروں میں ہفتہ کی چھٹی برقرار رہے گی۔ کابینہ نے مختلف مقامات پر خالصہ اراضی کی منظوری کے معاملات اگلے اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔