Wednesday, April 22, 2026
ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم شہباز شریف کا ملک سے پولیو کے خاتمے کا عزم، انسداد پولیو ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا

وزیراعظم شہباز شریف کا ملک سے پولیو کے خاتمے کا عزم، انسداد پولیو ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انسداد پولیو ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر قومی صحت مصطفی کمال، وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے انسداد پولیو مہم میں مصروف عمل ٹیموں کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس میں انسداد پولیو اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس کے مطابق سال 2026 میں اب تک پاکستان میں پولیو کا صرف ایک کیس ضلع سجاول سے رپورٹ ہوا ہے۔ 2024 میں 74 جبکہ 2025 میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے رواں سال اب تک پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 67 اضلاع پولیو سے متاثر تھے جن کی تعداد 2026 کی پہلی سہ ماہی میں کم ہو کر 23 رہ گئی ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ انسداد پولیو مہمات میں نیشنل ہاس ہولڈ کوریج 98 فیصد رہی ہے۔ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بہتر رسائی اور مہمات کے باعث پولیو ویکسین سے محروم بچوں کی تعداد میں کمی آئی ہے جبکہ کوئٹہ بلاک میں وائرس کے مقامی پھیلا میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ کراچی میں مارچ کے دوران 12 میں سے 10 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی نہیں پائی گئی جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔ اسی طرح ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ستمبر 2025 کے بعد کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ بنوں میں متاثرہ یونین کونسلوں کی تعداد 62 سے کم ہو کر 6 رہ گئی ہے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر ای پی آئی اور پی ای آئی کے انضمام کے لیے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو انسداد پولیو اقدامات سے منسلک کرنے پر بھی کام جاری ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔