Thursday, June 18, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانوزیراعظم کی جانب سے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان متوقع

وزیراعظم کی جانب سے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان متوقع

اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی۔
قبل ازیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان دیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا تھا کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، ایران اور امریکا جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے قریب ہیں۔علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو فوری منتقل کیا جائے، لہذا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا شفاف ہفتہ وار فارمولا مرتب کرنے کے لیے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
انکا کہنا تھا کہ شفاف فارمولے کی بدولت عوام قیمتوں میں تبدیلی کی وجوہات کو سمجھ سکیں گے، نیا فارمولا تمام اسٹیک ہولڈرز سے مکمل مشاورت کے ساتھ بنایا جائے گا۔علی پرویز ملک نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان میں تیل کی سپلائی چین بلا تعطل برقرار رکھی گئی، حکومت توانائی سلامتی کے فریم ورک کا ازسرِنو جائزہ لے رہی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریاستی مفادات کے تحفظ اور توانائی سلامتی کے لیے متعدد نئے اقدامات پر کام جاری ہے، بحران کے دوران تعاون پر تمام شراکت داروں اور عوام کے شکر گزار ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔