اسلام آباد(آئی پی ایس )ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مسلسل 5 ہفتوں تک اضافے کے بعد مہنگائی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.69 فیصد کمی ہوئی، جس کی بڑی وجہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کو قرار دیا جا رہا ہے۔تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی صورتحال اب بھی تشویشناک ہے اور افراطِ زر کی شرح 12.16 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو 12 فیصد سے زائد ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ مہنگی جبکہ 17 سستی ہوئیں، جب کہ اتنی ہی اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مہنگی ہونے والی اشیا میں ٹماٹر فی کلو 5 روپے تک، انڈے فی درجن 5.15 روپے، تازہ دودھ فی کلو تقریبا ڈھائی روپے، مٹن فی کلو 5 روپے سے زائد اور بریڈ کی قیمت میں 4 روپے تک اضافہ شامل ہے۔اس کے علاوہ دہی، دال مونگ، گھی، کپڑے، شٹرنگ اور صابن بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل رہے۔
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ رپورٹ کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 134.58 روپے تک کمی جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی ہوئی۔اسی طرح ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 230.52 روپے تک سستا ہوا۔ اشیائے خورونوش میں چکن فی کلو 44.76 روپے تک سستا ہوا، کیلے فی درجن 6 روپے، پیاز فی کلو 4 روپے تک سستے ہوئے، جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 72 روپے تک سستا ہو گیا۔
اس کے علاوہ دال ماش، جلانے کی لکڑی، گڑ، چینی اور لہسن کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق چاول، نمک، بجلی سمیت 17 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
